پولیس امیج بہتر بنانے کمشنر مہیندر ریڈی کی سعی‘ دکانداروں ‘ہوٹل مالکین ‘ٹھیلہ بنڈی والوں سے جبری رقم وصول نہ کرنے کی ہدایت
ایس ایم بلال
حیدرآباد 26 فبروری ۔ حیدرآباد سٹی پولیس میں کرپشن کی روک تھام کیلئے کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہندر ریڈی رشوت خور پولیس ملازمین کے خلاف اپنا سخت موقف اختیار کئے ہوئے ہیں۔ پولیس کی ساکھ بہتر بنانے کیلئے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں اسی کے تحت دونوں شہروں کے پولیس اسٹیشنس سے وابستہ معمول وصول کرنے والے پولیس کانسٹیبلس جنہیں پولیس زبان میں ’’کلکٹر‘‘ کہا جاتا ہے کے خلاف شکنجہ کستے ہوئے شہر کوتوال نے 80 کلکٹرس کے تبادلے کردیئے اور انہیں غیر اہم شعبوں میں تعیناتی کے احکامات جاری کئے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ سنہرے تلنگانہ اور حیدرآباد پولیس کو اسمارٹ اینڈ سیف سٹی بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے فی پولیس اسٹیشن کو اخراجات کیلئے 75 ہزار روپئے ہر ماہ فراہم کئے جارہے ہیں جبکہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے قبل سٹی پولیس کو اسٹیشنری چارجس کے نام پر محض 5ہزار روپئے حکومت کی جانب سے فراہم کئے جاتے تھے جو پولیس اسٹیشن کے اخراجات کیلئے ناکافی تھے۔ کمشنر پولیس مسٹر مہیندر ریڈی نے پولیس اسٹیشن کے اخراجات کو 5 ہزار روپئے سے 75 ہزار کردیا اور ہر ماہ فی پولیس اسٹیشن یہ رقم فراہم کی جارہی ہے۔کمشنر پولیس نے خاطر خواہ رقم کی فراہمی کے پیش نظر پولیس اسٹیشنس کے عملے کو دیانتداری سے کام کرنے اور اپنے متعلقہ علاقوں میں پولیس اسٹیشن کے اخراجات کے نام پر معمول وصول نہ کرنے کیلئے سخت احکامات جاری کئے تھے۔ ان احکامات کے باوجود بھی دونوں شہروں کے پولیس اسٹیشنس میں ہنوز رشوت خوری کا بازار گرم تھا اور پولیس اسٹیشن کے کلکٹرس اپنے اپنے علاقوں میں اخراجات کے نام پر معصوم عوام سے معمول وصول کرنے میں مصروف تھے۔پولیس اسٹیشن کے اخرجات کے نام پر معمول وصول کرنے پر پولیس کی ساکھ متاثر ہورہی تھی اور عوام میں عدم اطمینان کی کیفیت پائی جارہی تھی۔ کمشنر پولیس نے کلکٹرس کی سرگرمیوں کی خفیہ رپورٹ طلب کی اور ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 80 کانسٹیبلس کے اچانک تبادلے کردیئے اور انہیں غیر اہم مقامات پر تعینات کردیا۔لاء اینڈ آرڈر پولیس اسٹیشنس کے کلکٹرس کے علاوہ ٹریفک پولیس اسٹیشنس اور اسپیشل برانچ عملے میں موجود افراد کی بھی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے بھی تبادلے کردیئے گئے ۔ ’کلکٹر ‘ ایک مخصوص پولیس کانسٹبل ہوتا ہے جس کا پولیس اسٹیشن میں اہم مقام ہوتا ہے اور سرکاری ریکارڈ میں اس کی باضابطہ ڈیوٹی بتائی جاتی ہے جبکہ حقیقت میں وہ محض علاقہ میں دکاندار ‘ہوٹل مالکین ‘ ٹھیلہ بنڈی اور دیگر تجارتی اداروں سے خرچ کے نام پر معمول وصول کرتے ہوئے اپنے اعلی عہدیداروں کو پیش کرتا ہے ۔