بلیا، 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) اتر پردیش کے ضلع بلیا کے گڑوار علاقہ میں شادی تقریب کے دوران دو فرقوں کے درمیان معمولی سی بات پر ہوئی سنگ باری میں نو افراد زخمی ہو گئے ۔ایس پی مسٹر پرنا گانگولی نے آج یہاں بتایا کہ سکریا کلاں گاؤں میں کل شام یوگیش راج بھر کے گھر شادی تھی ۔ بارات نکلنے کے سلسلے میں گھر کی خواتین اور رشتے دار گاؤں کے تالاب پر رسم ادا کرنے جارہی تھیں ۔ راستے میں ایک لڑکی سپنا کا پاؤں وہاں پھیلے ہوئے پانی کی پائپ پر پڑگیا۔ اسی بات پر دوسرے فرقے کے لڑکے نے نابالغہ کے ساتھ مار پیٹ کی ۔ جب راج بھر کے خاندان والے نے منع کیا تو دوسرے لوگوں نے سنگ باری کردی ۔ انہوںنے بتایا کہ اطلاع ملنے پر پولیس فورا موقع پر پہنچ گئی اور حالات پر قابو پالیا ۔ اس واقعے میں نو افراد کو ہلکی چوٹیں آئی ہیں ۔ کسی بھی فریق کی جانب سے ابھی تک کوئی تحریر نہیں دی گئی ہے ۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے ۔ گاؤں میں بطور احتیاط پولیس فورس کو تعینات کر دیا گیا ہے ۔