معمر شہریوں ، خواتین اور حاملہ خواتین کیلئے ریلوے کوٹہ

نئی دہلی ۔ 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) معمر شہریوں، خاتون مسافروں جن کی عمر 45 سال سے زیادہ ہواور حاملہ خواتین کیلئے ریلوے نے آج نیچے کی برتھ اور نشست کے کوٹہ میں موجودہ دو سے اضافہ کرکے اسے چار کردینے کا فیصلہ کیا ہے لیکن یہ اضافہ اے سی تھری ٹائر اور ٹو ٹائر کے ڈبوں میں نہیں ہوگا ۔ صرف سلیپر کلاس میں یہ اضافہ کیا گیا ہے۔

 

گاؤ کشی پر امتناع،پنجاب میں 2500 کا کاروبار متاثر
چندی گڑھ ۔ 7 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) گاؤ کے ذبیحہ پر امتناع کے مسئلہ پر پیدا شدہ تنازعہ کے سبب پنجاب میں گائیوں کی افزائش کے 2500 کروڑ روپئے مالیاتی کاروبار کو بھاری نقصان کا اندیشہ ہے۔ پنجاب کے ڈیری فارمرس نے ریاستی گاؤ سیوا کمیشن پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ان مویشیوں کی دوسری ریاستوں کو منتقلی کیلئے ضروری اجازت دینے میں غیر ضروری تاخیر کر رہے ہیں۔ پنجاب پروگریسیو ڈیری فارمرس اسوسی ایشن کے پرچم تلے مویشیوں کے ان کاروباریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ضلع حکام گائیوں کی منتقلی کیلئے ضروری اجازت دینے سے دانستہ طور پر پس و پیش کر رہے ہیں جس کے نتیجہ میں گائیوں کی افزائش کا کاروبار مفلوج ہورہا ہے۔ ڈیری فارمرس نے دعویٰ کیا کہ غروب کے بعد گائیوں کی منتقلی پر امتناع عائد کئے جانے کے سبب کاروبار متاثر ہورہا ہے۔ گائے ، بھینسوں اور دیگر مویشیوں کی افزائش اور ملک بھر کو سربراہی کے معاملہ میں پنجاب ملک کی سرکردہ ریاستوں میں شمار کیا جاتا ہے جہاں سے سالانہ  تین لاکھ سے زائد اعلیٰ نسل کی گائے اور بھینس گجرات، اترپردیش، بہار ، چھتیس گڑھ ، آندھراپردیش ، تلنگانہ اور راجستھان کے بشمول ملک کی مختلف ریاستوں کو سربراہ کی جاتی ہے۔ مخلوط  نسل کی ایک گائے کی قیمت 1.25 لاکھ روپئے تا 1.50 لاکھ روپئے ہے۔