معمر راہبہ کی عصمت ریزی : انسانی حقوق کمیشن کی نوٹس

نئی دہلی۔ 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)قومی انسانی حقوق کمیشن نے حکومت مغربی بنگال سے معمر راہبہ (نن) کی مبینہ طور پر اجتماعی عصمت ریزی کے سلسلے میں رپورٹ طلب کی ہے۔ کمیشن نے چیف سیکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل پولیس مغربی بنگال کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس معاملے میں اندرون دو ہفتے رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کمیشن نے میڈیا کی رپورٹس پر ازخود کارروائی کرتے ہوئے یہ نوٹس جاری کی ۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مغربی بنگال کے ضلع نادیا میں واقع گنگنا پور دیہات میں 14 مارچ کو یہ واقعہ پیش آیا جہاں سات ڈاکوؤں کی ٹولی کانوینٹ کے اندر 71 سالہ نن کی اجتماعی عصمت ریزی کی۔ بتایا جاتا ہے کہ کانوینٹ کے احاطہ میں اس نن نے ایک اور ساتھی کے ہمراہ ڈکیتی کو روکنے کی کوشش کی، لیکن ڈاکوؤں نے دوسری نن کو باندھ دیا اور اس کے سامنے 71 سالہ نن کی اجتماعی عصمت ریزی کی ۔ وہ تقریباً 12 لاکھ روپئے لوٹ کر فرار ہوگئے۔