نئی دہلی، 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دارالحکومت دہلی کے فورٹس ہاسپٹل میں ڈاکٹروں کی ٹیم نے ایک معمر خاتون کے مثانہ کا کامیاب آپریشن کرکے 838 پتھریاں نکالی ہیں۔ ہاسپٹل کا دعوی ہے کہ مثانہ سے اتنی زیادہ تعداد میں پتھریاں نکالا جانا اب تک کا ایک ریکارڈ ہے ۔اس آپریشن کو شالیمار باغ واقع بی فورٹس ہاسپٹل کے معدے کی سرجری شعبہ کے ڈاکٹر اے جاوید کی قیادت میں ماہرین کی ایک ٹیم نے انجام دیا۔ آپریشن کے لئے لیپرواسکاپک سرجری کا طریقہ کار اختیار کیا گیا۔ڈاکٹر جاوید نے آپریشن کی پیچیدگیوں اور مریض کی صحت کی صورت حال کا حوالہ دیتے ہوئے آج یہاں بتایا کہ مثانہ میں پتھری کا آپریشن کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن یہ معاملہ اپنے آپ میں بالکل مختلف تھا۔انہوں نے بتایا کہ خاتون مریض کی عمر 60 سال ہونے اور اس کے ہائی بلڈ پریشر اور دل کی بیماری کی وجہ سے آپریشن کرنا کافی مشکل کام تھا۔