قانون میں ترمیم ، حکومت تلنگانہ سے اقدامات
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ نے ریاست کے معمر افراد کو مزید سہولیات اور خدمات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دواخانوں میں خصوصی علاج و معالجہ ، ان کے خلاف ہورہے مظالم کی روک تھام ، مقدمات کی یکسوئی کے لیے ٹریبونل کا قیام ، ضروریات زندگی کے لیے اخراجات کی ادائیگی اور والدین و ضعیف افراد کے قانون 2007 میں انقلابی ترامیم ، جدید اولڈ ایج ہومس کی تعمیر اور موبائل کلینکس کے علاوہ دواخانوں میں خصوصی وارڈس کے قیام کے لیے متعلقہ محکمہ کے وزیر نے عہدیداران کو احکامات جاری کئے ہیں اور محکمہ بہبود ضعیف افراد کی جانب سے ضعیف افراد کو آر ٹی سی بسوں میں رعایت اور چند سیٹوں کو مختص کرنے کے لیے آر ٹی سی کو سفارشات پیش کی گئی ہیں اور محکمہ آر ٹی سی ان سفارشات پر غور و خوض کررہا ہے اور حکومت ضعیف افراد کی ضروریات کی تکمیل کے لیے امداد باہمی ٹیمیوں کو تشکیل دے کر سرکاری طور پر سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔ علاوہ ازیں میونسپلٹیز اور پنچایتوں میں ’ ڈے کیر سنٹرس ‘ کے قیام پر بھی غور کیا جارہا ہے اور ضعیف افراد سے متعلق موجود قوانین پر سختی سے عمل آوری کرتے ہوئے ان کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ان پر ہورہے مظالم کی روک تھام کے لیے ضلع سطح کی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی ۔ تاحال 12 اضلاع میں یہ کمیٹیاں تشکیل دی جاچکی ہیں اور یکم اپریل تا 30 جون 2017 تک 9 مقدمات درج کئے گئے ہیں اور ہر ایک پولیس اسٹیشن کی حدود میں رہنے والے ضعیف افراد کی تفصیلات متعلقہ پولیس اسٹیشنوں میں دستیاب رہیں گی اور ضعیف افراد کی جانب سے موصول ہونے والے شکایات کا بروقت جائزہ لیتے ہوئے کمیونٹی پولیسنگ میں اضافہ کیا جائے گا ۔۔
ہر ضلع میں ایک اولڈ ایج ہوم کا قیام
ریاست میں فی الحال دو اولڈ ایج ہوم ہیں اور ریاستی و مرکزی حکومتوں کے تعاون کے ذریعہ این جی اوز کی جانب سے مزید 20 اولڈ ایج ہومس چلائے جارہے ہیں ۔ اور ریاستی حکومت نے ہر ضلع میں ایک اولڈ ایج ہوم قائم کرنے کے علاوہ ین جی اوز کی جانب سے چلائے جارہے اولڈ ایج ہومس کی امداد میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے اور این جی اوز کی جانب سے چلائے جانے والے اولڈ ایج ہومس کو باقاعدہ رجسٹرڈ کرانے کے لیے ضلع کلکٹرس کو احکامات جاری کئے ہیں ۔
خصوصی علاج و معالجہ فراہم کرنے کے لیے احکامات کی اجرائی
ضعیف و کمزور افراد کو خصوصی علاج و معالجہ فراہم کرنے کے لیے حکومت نے احکامات جاری کردئیے ہیں اور ضعیف افراد کو علاج و معالجہ اور ان کی بہترین صحت سے متعلق پیرا میڈیکل عملہ کو تربیت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ضعیف افراد کو لاحق ہونے والے امراض کو نرسنگ کی درسی کتب میں شامل کیا جائے گا اور دیہی علاقوں میں ضعیف افراد کے لیے موبائل سنٹرس چلاتے ہوئے دواخانوں میں علاج کیلئے کوئی دن مخصوص کرنے پر غور کیا جارہا ہے اور آنکھ کے علاج کیلئے خصوصی کیمپوں کے علاوہ دواخانوں میں بھی خصوصی وارڈس مختص کئے جائیں گے ۔