تتلی قدرت کی خوبصورت ترین مخلوق میں سے ایک ہے ۔ انسان شروع ہی سے اس دلکش جاندار سے محبت کرتا آیاہے ۔ تتلیوں کے پر اصل میں شفاف ہوتے ہیں ان کے پروں پر موجود دیدہ زیب رنگ دراصل ایک دوسرے پر بنے ہوئے اسکیل ہیں ۔ جو سورج کی روشنی منعکس ہونے پر رنگین دکھائی دیتے ہیں تتلیوں کے خوبصورت رنگ انہیں دشمن سے بچانے میں بھی مدد دیتے ہیں کیونکہ پھولوں پر بیٹھی ہوئی رنگ برنگی تتلیاں پرندوں کو مشکل سے دکھائی دیتی ہیں ۔ دوستو! سائنس دان اب تک تتلیوں کی 28 ہزار اقسام دریافت کرچکے ہیں ۔ ویسے تو تتلیاں دنیا کے ہر خطے میں موجود ہیں لیکن جنوبی امریکہ میں یہ دیگر ممالک کی نسبت بہت زیادہ تعداد میں پائی جاتی ہیں ۔ صرف کوسٹاریکا میں ان کی 1300 سے زائد اقسام موجود ہیں ۔ تتلی کی چھ ٹانگیں ہوتی ہیں ۔ ان ٹانگوں کے سروں سے وہ کسی بھی چیز کے ذائقے کو محسوس کرسکتی ہیں ۔ سب سے تیز اڑنے والی تتلی کی رفتار 30 میل فی گھنٹہ ہوسکتی ہے ۔ مونارک تتلیاں اپنے سالانہ سفر میں تقریباً 2000 میل کا سفر طئے کرتی ہیں ۔ اگر تتلیوں کے جسم کا درجہ حرارت 86 ڈگری سے نیچے ہوتو وہ اڑنے کی صلاحیت سے محروم ہوجاتی ہیں ۔