معلم کیلئے اثردار شخصیت ضروری، غلط تدریس سے گریز کا مشورہ

احاطہ سیاست میں روزگار اور ملازمتوں پر محمد نذیر احمد کا لیکچر، سینکڑوں طلبہ کی شرکت

حیدرآباد 18 مئی (سیاست نیوز) معلم کی شخصیت کافی اثرانداز ہوتی ہے جب وہ کمرۂ جماعت میں تدریس کیلئے سبق کی تیاری کے ساتھ جاتا ہے۔ استاد کو ایسا درس دینا چاہئے کہ طالب علم کے ذہن میں کھوج کی صلاحیت پیدا ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد نذیر احمد ریاستی اکیڈیمک مانیٹرنگ آفیسر سروا سکھشا ابھیان آر وی ایم موظف نے یہاں ادارہ سیاست کے زیراہتمام منعقدہ ٹیچرس کے سمینار میں کیا اور کہاکہ ٹریننگ حاصل کرنا ایک ڈگری جمع کرنا اہم نہیں ہوتا بلکہ تدریس کو پیشہ کو اپنانے میں جذبہ اور اس پیشہ کے ساتھ انصاف کرنا اہم ہوتا ہے۔ ان دنوں مئی / جون میں مختلف اسکولس میں ٹیچرس کے تقررات ہوتے ہیں اس مناسبت سے ایسے پروگرام ہر دو کیلئے اسکول اور ٹیچرس کیلئے اہم ہیں۔ حکومت، محکمہ تعلیمات آج درسی کتب کو بدل دی ہے اور سی سی ای کے تحت نصاب بنایا گیا ہے۔ سابق میں جو کتاب میں ہے صرف وہی پڑھایا جاتا تھا ، آج نصاب عصری تقاضوں اور بچے کی ذہنی صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ اُنھوں نے سلسلہ تقریر جاری رکھتے ہوئے اساتذہ برادری سے پرزور دردمندانہ اپیل کی کہ وہ غلط نہ پڑھائیں۔ اگر کوئی چیز نہیں معلوم ہو تو بچوں کو کہے کہ وہ آئندہ بتائیں گے۔ وہ استاد کی پڑھائی چٹان کی لکھی تحریر ہوتی ہے جو انمٹ ہوتی ہے۔ اس لئے صحیح پڑھانا ضروری ہے۔ غلطیوں سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔ جناب احمد بشیرالدین فاروقی ریٹائرڈ ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر نے اس موقع پر اپنی تقریر میں کہاکہ ٹرینڈ ٹیچرس جہاں ڈی ایس سی کی تیاری کرتے ہیں اُن کے سامنے سرکاری ملازمت کیلئے مرکز کے سی بی ایس ای کے کیندر ودیالیہ اور مرکزی محکمہ جات کے اسکولس میں مواقع اور ریزیڈنشیل اسکولس اور کستوربا ودیالیہ میں بھی ملازمت حاصل کرسکتے ہیں۔ وہ ریاستی سطح کے ٹٹ اور مرکز کے سی ٹٹ کو کامیاب کریں۔ جناب محمد محبوب حسین آزاد نے ملازمت کے حصول کے پہلے مرحلہ میں سی وی کے مؤثر انداز میں تحریر اور پیشکش کے حوالہ سے بتایا کہ وہ انٹرویو اور عملی تربیت کی تیاری کے ساتھ رجوع ہوں۔ مسٹر ایم اے حمید کنوینر پروگرام نے خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر مختلف اسکولس اور تنظیموں کے ذمہ داران جن میں محمد ذکی الدین، محمد علی رفعت، محمد غوث الدین، سامیہ اسکول مغلپورہ، محمد سلیم آدمس اسکول، محمد معید ماسٹر مائنڈ اسکول، رفیعہ نوشین، عبداللطیف نے ٹیچرس کے اپنے مدارس اور اداروں میں درکار جائیدادوں کو بتاتے ہوئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی۔ اس طرح برسر موقع اساتذہ کے تقررات بھی ہوئے۔ میتھا این جی اوز کو پانچ منڈلس میں 24 ٹیچرس کی ضرورت ہے جیسا کہ بیان کیا گیا سلمان سعدی، یحیٰی باجبر نے معاونت کی۔ پروگرام کا آغاز قرأت سے ہوا۔ آخر میں ایم اے حمید نے شکریہ ادا کیا۔