معلق اسمبلی کی صورت میں عظیم اتحاد کو تشکیل حکومت کا موقع ؟

حیدرآباد 8 دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں کسی پارٹی کو واضح اکثریت حاصل نہ ہونے کی صورت میں ماقبل انتخابات ‘ انتخابی مفاہمت کو قطعیت دینے والے عظیم اتحاد کو زیادہ نشستیں حاصل ہونے پر عظیم اتحاد کو ہی تشکیل حکومت کیلئے مدعو کرنا پڑے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں تنہا کوئی جماعت برابر کی نشستیں رکھنے کے باوجود اس تنہا جماعت کو تشکیل حکومت کیلئے مدعو نہیں کیا جاسکے گا ۔ سمجھا جارہا ہے کہ انتخابات میں کسی کو بھی واضح اکثریت حاصل نہ ہونے کے قوی امکانات ہیں ۔ لہذا اگر معلق اسمبلی کی صورت حال ہو تو کس کو ریاستی گورنر تشکیل حکومت کیلئے مدعو کریں گے اس مسئلہ پر سیاسی گوشوں میں بحث کا آغاز ہوا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ معلق اسمبلی کی صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں سپریم کورٹ کے واضح احکامات ہیں کہ انتخابات سے قبل اگر کوئی متحدہ محاذ یا عظیم اتحاد قطعیت پاتا ہے تو اسی کو مدعو کرنا ضروری ہوجاتا ہے ۔ ایسی صورتحال کیلئے بتایا جاتا ہے کہ اگر انتخابی نتائج کی روشنی میں مثلا ٹی آر ایس کو 51 نشستیں حاصل ہوں اور عظیم اتحاد کو 52 نشستیں حاصل ہوتی ہیں تو پہلے تشکیل حکومت کیلئے عظیم اتحاد کو مدعو کرنا پڑیگا جب کہ ٹی آر ایس تنہا سیاسی جماعت کی حیثیت سے بڑی پارٹی کے طور پر رہنے کے باوجود پہلے عظیم اتحاد کو ہی مدعو کر کے تشکیل حکومت کے لیے موقعہ فراہم کرنا پڑے گا ۔