حیدرآباد۔/6جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ تحریک کے دوران حیدرآباد میں منعقدہ اے پی این جی اوز کی ریالی میں جئے تلنگانہ کا نعرہ بلند کرکے معطلی کا شکار ہونے والے دو پولیس کانسٹبلس نے آج سکریٹریٹ میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی۔ سرینواس گوڑ اور سری سیلم مدیراج نامی ان کانسٹبلس کو لال بہادر اسٹیڈیم میں منعقدہ اے پی این جی اوز کی ریالی میں ’ جئے تلنگانہ ‘ کا نعرہ لگانے پر نہ صرف سیما آندھرا ملازمین کی برہمی کا سامنا کرنا پڑا تھا بلکہ اس وقت کی حکومت نے تادیبی کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو معطل کردیا تھا۔ ان کانسٹبلس نے چیف منسٹر سے اپیل کی کہ ان کی معطلی کو برخواست کیا جائے کیونکہ وہ اور ان کے خاندان معاشی مسائل کا شکار ہیں۔