معصوم لڑکی کیساتھ پیش آیا واقعہ انسانیت پر بدنما داغ

خاطی کو عبرتناک سزاء دینے جمعیت علماء کا مطالبہ، مفتی غیاث الدین رحمانی کا بیان
حیدرآباد ۔ 2 جنوری (راست) آرمور کے قریب بالکنڈہ موضع ضلع نظام آباد کے پاس ہوئے انسانیت سوز واقعہ پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے صدر جمعیت علماء تلنگانہ و آندھراپردیش مفتی محمد غیاث الدین رحمانی قاسمی نے کہا کہ مجرم کو دین و مذہب سے بالاتر ہوکر سخت سے سخت سزاء دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک معصوم لڑکی کے ساتھ منہ کالا کرنے والا شخص انسانیت کیلئے ناسور ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اندوہناک واقعہ پر جتنی بھی تکلیف کا اظہار کیا جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معصوم بچی اس واقعہ سے ذہنی طور پر اتنی زیادہ متاثر ہوئی کہ اس نے اپنے آپ پر کیروسین چھڑک کر آگ لگا لی۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اس بچی کو انصاف دلانے کیلئے اپنی کارروائیوں کا آغاز کرچکی ہے۔ اس سلسلہ میں حافظ لئیق خان صدر جمعیت علماء ضلع نظام آباد ضلعی عہدیداروں سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے عامتہ المسلمین سے بھی خواہش کی ہیکہ وہ اس بچی کی جلد سے جلد صحتیابی کیلئے دعا کریں۔ انہوں نے ڈی ایس پی کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس انتظامیہ اور مجسٹریٹ کے سامنے اس لڑکی نے جو بیان قلمبند کروایا ہے، اس بیان کو بنیاد بنا کر اس قاتل کو سزائے موت دی جانی چاہئے تاکہ ایسے انسانی درندوں کو سبق ہو اور ملک کی معصوم لڑکیاں چاہے وہ جس مذہب، جس رنگ و نسل سے تعلق رکھتی ہوں محفوظ ہوسکیں۔