تنظیم انصاف کا احتجاجی جلسہ عام ، جناب سید عزیز پاشاہ و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔7اگست(سیاست نیوز)اسرائیل اور فلسطین کے مابین جاری تنازعہ کے مستقل حل کو ضروری قراردیتے ہوئے سینئر کمیونسٹ قائد وسابقہ رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سیدعزیزپاشاہ نے کہاکہ پچھلے 29دنوں سے اسرائیل کی جاری بم باری میں بے قصور شہریوں کی جانیں گئی ہیں جن میںمعصوم بچے اور خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔ انہوں نے اسرائیل کی وحشیانہ بم باری کو روکنے اور اسرائیل پر لگام کسنے میں عالمی برادری کو ناکام قراردیا ۔ آج یہاں دھرنا چوک ‘ اندرا پارک پر تنظیم انصاف گریٹر حیدرآباد کے احتجاجی جلسہ عام سے صدارتی خطاب کے دوران جناب سید عزیز پاشاہ نے کہاکہ معصوم فلسطینیوں کی اموات پر اسرائیل کے وزیراعظم کے خلاف عالمی عدالتوں میںمقدمہ چلانے کی ضرورت ہے ۔ مولانا حامد حسین شطاری کارگذار صدر سنی علما ء بورڈ نے کہاکہ غزہ کے مجاہدین اسرائیل کی بربریت سے ڈرنے یا گھبرانے والے نہیں ہیں ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ حصار بندی کے ذریعہ غزہ کو چلتی پھرتی جیل میںتبدیل کردینے کے باوجود غزہ کے عام شہریوں کو نشانہ بنایاجارہا ہے اور اسرائیل کے حملوں میں روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ صدرنشین کل ہند مسلم سنگھم جناب خالد رسول خان نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیل اپنے ناپاک منصوبوں کے تحت کسی بھی ملک کی عوام کے بجائے حکمرانوں کو اپنے قبضے میںلینے کاکام کرتا ہے ۔ ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی ‘ مسلم فرنٹ کے چیف کنونیر ثناء اللہ خان نے بھی اسرائیلی بربریت کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت ہند کو اسرائیل سفارتی تعلقات منقطع کرلینے کا مطالبہ کیا۔ انہو ںنے کہاکہ دنیا بھر میںصہیونی طاقتیں پسماندہ طبقات کو اپنا غلام بنانے کوشاں ہیںوہیںپر ہندوستان میں صیہونی ذہن کے حامل لوگ پسماندہ طبقات کو اقتدار سے دور رکھنے کاکام کررہے ہیں۔ صدر تنظیم انصاف گریٹر حیدرآبادمیر احمدعلی نے رمضان اور عید کے موقع پر اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ میں شہر حیدرآباد کی عوام کے تعاون کو ناقابلِ تسخیر اقدام قرار دیا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اسرائیلی بربریت کے خلاف تنظیم انصاف اپنے احتجاج کے سلسلے کو آگے بھی جاری رکھے گی۔سکریٹری سی پی آئی گریٹرحیدرآباد ڈاکٹر سدھاکر کے علاوہ دیگر نے بھی اس احتجاجی دھرنے سے خطاب کیا اور کاروائی کے علاوہ شکریہ بھی انصاف جنرل سکریٹری گریٹر حیدرآباد منیر پٹیل نے ادا کیا۔ محمد ظہیر الدین راجندر نگر کے علاوہ سلیم خان‘ اسلم عبدالرحمن اور مختلف رضاکارانہ تنظیموں سے وابستہ ذمہ داران اور سینکڑوں کی تعداد میںتنظیم انصاف کے کارکنوں نے بھی اس احتجاجی دھرنے میںحصہ لیتے ہوئے غزہ مظلومین سے اظہار یگانگت کیا۔