معرفت حق اور خدمت میں صوفیوں اور خانقاہوں کا ناقابل فراموش کردار

خانقاہ عالیہ رضویہ کی تعمیر جدید تقریب سے علماء و مشائخ کی مخاطبت
حیدرآباد ۔ 14 ۔ اپریل : ( راست ) : ہندوستان کی کثرت میں وحدت ، قومی یکجہتی ، روا داری ، باہمی اخلاقی و سماجی اقدار بقائے باہم امن عالم اور مختلف النوع طبقات کے درمیان ایک دوسرے کے تئیں عزت و احترام اور آپسی محبت و تعاون عمل کو عام کرنے اور فروغ دینے میں صوفیہ کرام کی خانقاہوں نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے ۔ سرخیل صوفیان چیشت ہند خواجہ خواجگان حضرت سیدنا خواجہ معین الدین چشتی اجمیریؒ ، حضرت خواجہ نظام الدین محبوب الہیؒ ، حضرت خواجہ نصیر الدین چراغ دہلویؒ ، حضرت پیر سیدنا خواجہ علاؤ الدین صابر کلیریؒ ، حضرت سیدناشاہ ولی اللہ دہلویؒ ، حضرت سیدنا سلیم چشتیؒ کے آستانے اور خانقاہیں اس کی زندہ مثالیں ہیں ۔ خانقاہ عالیہ رضویہ مغل پورہ روحانیت کے اسی عالمی سلسلہ کی ایک زرین کڑی ہے ۔ جہاں آج سے ڈھائی سو قبل قطب الاقطاب حضرت سیدنا شاہ رضا رضوی المدنی چشتی قادریؒ نے بندگان خدا کی ہدایت اور مخلوق خدا کی خدمت کے لیے خانقاہ کی بنیاد رکھی تھی اس سلسلہ کو آپ کے خلف اکبر و جانشین حضرت سیدنا امر اللہ شاہ اولؒ نے جاری و ساری رکھا ۔ ڈھائی سو سال سے چہرے بدل رہے ہیں لیکن صوفی مشن اور تحریک پیام انسانیت نہیں بدلا ۔ ان خیالات کا اظہار حضرت مولانا سید شاہ اسرار حسین رضوی المدنی چشتی قادری سجادہ نشین آستانہ عالیہ رضویہ مغل پورہ نے کل رات خانقاہ عالیہ رضویہ کی جدید تعمیر اور مدرسہ رضویہ ابرارالعلوم و سماع کی تعمیر نو کے موقع پر منعقدہ ایک پر اثر تقریب میں کیا ۔ قبل ازیں مولانا سید شاہ حسن شبیر محمد محمد الحسینی زیدی سجادہ نشین روضہ منورہ خرد گلبرگہ شریف نے خانقاہ کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے الحاج محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر کے علاوہ جناب عمر جلیل آئی اے ایس ، عابد رسول خاں صدر نشین اقلیتی کمیشن تلنگانہ ، جناب جلال الدین اکبر اسپیشل آفیسر وقف بورڈ مولانا سید محمد قبول بادشاہ شطاری ، مولانا سید محمود پاشاہ قادری زرین کلاہ ، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری ، حضرت سید شاہ غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ سابق صدر نشین وقف بورڈ ، حضرت سید شاہ نور الاصفیاء روحی اعظمی ، مولانا قاضی سید شاہ اعظم علی صوفی قادری ، مولانا اکرم پاشاہ تخت نشین ، مولانا سید شاہ راجو حسینی ثانی ، مولانا سیدندیم اللہ حسینی ، مولانا سید وصحی اللہ حسینی ، مولانا عرفان اللہ شاہ نوری ، مولانا سید شاہ محمود قادری ارشد قادری ، مولانا سید عبدالرحمن حسن قادری ، مولانا سید قبول اللہ حسینی ، مولانا سید شاہ عارف اللہ حسینی زیدی ، مولانا مظفر علی صوفی ابوالعلائی سجادہ نشین اردو شریف ، صوفی ذاکر علی دانش ایڈوکیٹ ، مولانا قاری مسعود پاشاہ قادری نے شرکت کی ۔ شاہ محمد فصیح الدین نظامی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ معزز مہمانوں کی دستار بندی ، شال وگلپوشی بدست حضرت سجادہ نشین عمل میں آئی ۔ سالنامہ مجلہ رضویہ رسم اجراء انجام دی گئی ۔ مولانا سید شاہ ولایت حسین رضوی اور مولانا سید شاہ لیاقت حسین رضوی المدنی جانشین نامزد نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر ہندو پاک کے ممتاز قوال جناب محمد وسیع الزماں نظامی و ہمنوا نے منتخب وجد آوار کلام سنا کر سماں باندھ دیا ۔ دعا و شکریہ پر محفل کا اختتام عمل میں آیا ۔۔