معذور لڑکی ایرا سنگھال کو سیول سرویس میں پہلا رینک

منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل این وی ایس ریڈی کی مبارکباد
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : مینجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل مسٹر این وی ایس ریڈی نے مس ایرا سنگھال کے سیول سرویسیس امتحان میں آل انڈیا سطح پر پہلا رینک حاصل کرنے پر انہیں پر خلوص مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایرا سنگھال کی کامیابی کو تاریخ ساز اور دوسروں کے لیے قابل تقلید قرار دیا ۔ وہ آج سندریا وگنان کیندرم میں مرکز برائے قومی حقوق معذورین کے زیر اہتمام منعقدہ آل انڈیا سیول سرویسیس فرسٹ رینکر پروگرام میں مس ایرا سنگھال کی تہنیتی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ مس ایرا سنگھال جو ایک جسمانی طور پر معذور لڑکی ہونے کے باوجود جس عزم مصمم اور محنت و مشقت کے ساتھ سیول سرویسیس امتحان میں اپنی شاندار کامیابی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آل انڈیا سطح پر پہلا رینک حاصل کرتے ہوئے یہ ثابت کردیا کہ حصول تعلیم میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کا عذر ناقابل قبول ہے ۔ انہوں نے مس ایرا سنگھال کو مشورہ دیا کہ وہ چاہیں تو کسی بھی عہدے پر انہیں فائز کیا جائے عوام کی خدمت کے لیے ممکنہ جدوجہد کریں اور سیول سرویسیس میں اپنا ایک اچھا معیار بنائیں اور ان پر عائد ذمہ داریوں کو بہ خوبی نبھائیں تاکہ حکومت کی جانب سے غریب اور مستحق عوام کو دی جانے والی مراعات سے بھر پور مستفید ہونے کا موقع نصیب ہوسکے ۔ اس موقع پر چیرمین پولٹیکل جے اے سی پروفیسر کودنڈا رام نے مخاطب کرتے ہوئے مس ایرا سنگھال کے سیول سرویسیس میں آل انڈیا سطح پر پہلا مقام حاصل کرنے پر بھر پور ستائش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ مس ایرا سنگھال نے جس حوصلے اور محنت و لگن سے سیول سرویسیس میں آل انڈیا سطح پر پہلا رینک حاصل کیا ہے وہ یقینا حیرت انگیز اور قابل مبارکباد ہے ۔ انہوں نے معذورین کی تعلیم میں حائل رکاوٹوں اور انہیں درپیش مسائل کی یکسوئی کے لیے حکومت تلنگانہ کی جانب سے تمام اہم بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے ممکنہ نمائندگی کرنے کا تیقن دیا ۔ اس موقع پر این جی آر آئی سائنٹسٹ مسٹر بابو نائک ، قومی صدر مرکز برائے قومی حقوق معذورین مسٹر ایم جناردھن ریڈی ، صدر این پی آر ڈی تلنگانہ مسٹر پی پرساد جنرل سکریٹری مسٹر ٹی راجندر ، چیرمین ہیلن کلر اسکول مسٹر عمر خان نے بھی مخاطب کرتے ہوئے مس ایرا سنگھال کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان سے نیک توقعات کا اظہار کیا ۔ قبل ازیں مینجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل مسٹر این وی ایس ریڈی اور چیرمین پولٹیکل جے اے سی پروفیسر کودنڈا رام ریڈی نے ایرا سنگھال کو تہنیت پیش کی ۔ اس موقع پر اسٹوڈنٹس یونین قائدین اور معذورین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔۔