نئی دہلی ۔ 22جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) 31معذور جوڑوں کی ملک کے مختلف علاقوں میں اجتماعی شادی تقاریب منعقد کی گئیں‘ جن کا اہتمام ایک فلاحی سوسائٹی نے کیا تھا ۔ نئی دہلی کے علاقہ مغربی دہلی میں ایسی ہی ایک شادی منعقد کی گئی ۔ بیشتر نوجوان مرد اورخواتین جنہوں نے شادی کی۔ مفت آپریشن کی سہولت سے استفادہ کرچکے تھے جس کے ذریعہ ان کی جسمانی معذوری جئے پور کے ایک ہاسپٹل میں دور کی گئی تھی ۔ صدر نارائن سیوا سنستھان پرشانت اگروال نے اس تقریب کا اہتمام کیا تھا ۔ 51 شہ نشین شادی کے مقام پر پنجابی باغ میں قائم کئے گئے تھے ۔ دلہنوں اور دولہوں کے عزیز واقارب اور دوست احباب نے اس تقریب میں شرکت کی ۔ جوڑوں کو کنیادان کی رسم کے وقت گھریلو استعمال کی اشیاء بطور تحفہ پیش کی گئیں۔ قبل ازیں 92 ایسے ہی جوڑوں کی شادی کا اہتمام گذشتہ سال جون میں نئی دہلی کے رام لیلا میدان پر کیا گیا تھا ۔