معتمد خارجہ ایس جے شنکر کی امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن سے ملاقات

: مودی کا دورہ امریکہ :

واشنگٹن ۔ 23 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی معتمد خارجہ ایس جے شنکر امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن سے ملاقات کرتے ہوئے وزیراعظم ہند نریندر مودی کے دورہ امریکہ کو قطعیت دیں گے جو صدر امریکہ ٹرمپ اور مودی کے درمیان پلی ملاقات ہوگی۔ اس ملاقات کے بارے میں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہیکہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں استحکام پیدا ہوگا جن میں سب سے اہم انسداد دہشت گردی ہے۔ ریکس ٹلرسن کے علاوہ جے شنکر نائب صدر وزیرخارجہ جان سولیون سے بھی ملاقات کریں گے۔ پیر کے روز وائیٹ ہاؤس میں نریندر مودی اور ڈونالڈ ٹرمپ کی ملاقات طئے ہے جس کیلئے کچھ آخری لمحات کو قطعیت دینے دونوں قائدین ملاقات کریں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ ایس جے شنکر جو سابق ہندوستانی سفیر متعینہ امریکہ ہیں اور فی الحال وہ مودی حکومت کیلئے ہند ۔ امریکہ تعلقات کو مستحکم کرنے اہم رول ادا کررہے ہیں۔ دوسری طرف اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی خاتون ترجمان ہیتھر نوریٹ نے بھی اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہند ۔ امریکہ مستحکم تعلقات ہماری اولین ترجیح ہے۔ یاد رہیکہ گذشتہ سال نومبر میں ٹرمپ کے صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد مودی نے ٹرمپ سے تقریباً تین بار فون پر بات کی ہے۔ آخری کال اترپردیش میں بی جے پی کی کامیابی کے بعد مبارکباد دینے کیلئے ٹرمپ نے مودی کیا تھا۔ دونوں قائدین کے درمیان توقع ہیکہ دہشت گرد کے قلع قمع اور H-1B ویزوں سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوسکتی ہے۔