مجموعی دولت کے نصف سے زائدپر ارب پتی افراد کا کنٹرول
نئی دہلی ۔4ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) معاشی سطح پر عدم مساوات کے معاملہ میں ہندوستان دوسرے مقام پر ہے ‘ جہاں ارب پتی افراد جن کے پاس ایک ملین یا اس سے زائد اثاثہ جات موجود ہیں وہ جملہ دولت کا نصف اپنے کنٹرول میں رکھتے ہیں ۔ نیو ورلڈ ویلتھ کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق روس کے بعد ہندوستان عدم مساوات کے معاملہ میں دوسرے مقام پر ہے اور یہاں کی 54فیصد دولت ارب پتی افراد کے ہاتھوں میں ہے ۔ ہندوستان دنیا بھر میں 10دولت مند ترین ممالک میں شامل ہے جہاں مجموعی انفرادی دولت 5600 بلین ڈالرس کی ہے جب کہ اوسطاً ایک ہندوستانی غریب ہے ۔ عالمی سطح پر روس معاشی شعبہ میں عدم مساوات کے معاملہ میں سرفہرست ہے جہاں ارب پتی افراد ملک کی مجموعی دولت کا 62فیصد سے زائد افراد اپنے کنٹرول میں رکھتے ہیں ۔ دوسری طرف جاپان کو مساوات کے معاملہ میں سب سے بہترین ملک قرار دیا گیا ہے ۔ یہاںکے ارب پتی جملہ دولت کا صرف 22فیصد ہی اپنے قبضہ میں رکھے ہوئے ہیں ۔ آسٹریلیا بھی مساوی موقف کا حامل ہیں جہاں کے دولت مند افراد کے پاس مجموعی دولت کا صرف 28فیصد موجود ہے ۔ جہاں تک امریکہ کا تعلق ہے رپورٹ میں یہ تعجب خیز انکشاف ہوا کہ یہاں کے ارب پتی افراد جملہ دولت کا تقریباً 32فیصد اپنے تصرف میں رکھتے ہیں ۔ برطانیہ بھی اس معاملہ میں کچھ نہیں اور ملک کی مجموعی دولت 35فیصد حصہ ارب پتی افراد کے پاس ہے ۔