عثمانیہ یونیورسٹی کی اراضی سے دستبردار ہوجانے‘وی ہنمنت راو رکن راجیہ سبھا کی حکومت کو تجویز
حیدرآباد22 مئی (سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راو نے عثمانیہ یونیورسٹی کے بجائے اسپیشل اکنامک زون کیلئے الاٹ کردہ اراضیات پر غریب عوام کیلئے مکانات تعمیر کرنے کا ٹی آر ایس حکومت سے مطالبہ کیا ۔ مسٹر وی ہنمنت راو نے آج ضلع رنگا ریڈی منڈل مہیشورم میں فیاب سٹی کیلئے منظور کردہ (ایس ای زیڈ)اراضی کا جائزہ لیا اور مقامی کسانوں سے ملاقات بھی کی ۔ کسانوں نے ہنمنت راو کو بتایا کہ ان کی اراضی زبردستی حاصل کرتے ہوئے اسپیشل اکنامک زون کیلئے الاٹ کردی گئی ہے ہمیں ایس ای زیڈ نہیں چاہئے ہماری اراضی واپس چاہئے ۔ مسٹر ہنمنت راو نے کہا کہ عثمانیہ یونیورسٹی عالمی شہرت رکھتی ہے ۔ حضور نظام نے تعلیم کو فروغ دینے کے مقصد سے 2000 ایکر اراضی مختص کرتے ہوئے عثمانیہ یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا تھا پہلے سے ہی عثمانیہ یونیورسٹی کی سینکڑوں ایکر اراضی پر نا جائز قبضہ ہوگئے ہیں اس میں مزید 11 ایکر اراضی پر چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے غریب عوام کیلئے مکانات تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے جس کی طلبہ مخالفت کرتے ہوئے احتجاج کررہے ہیں کانگریس پارٹی غریب عوام کو مکانات تعمیر کر کے دینے کے حق میں ہے عثمانیہ یونیورسٹی کی اراضی حاصل کرنے کے خلاف ہے ۔ اسپیشل اکنامک زون کے قیام کیلئے ہزاروں ایکر اراضیات مختلف کمپنیوں کو دیئے گئے ہیں ۔ اراضیات مختص کرتے وقت جو معاہدے کئے گئے ہیں اس میں اس بات کی صراحت کی گئی ہے کہ مقررہ وقت پر جن مقاصد کی تکمیل کیلئے اراضیات حاصل کی جارہی ہیں اس کو پورا کیا جائے‘ کوئی بے قاعدگیاں نہ کی جائیں ۔ ایک مقصد کیلئے اراضی حاصل کر کے دوسرے مقصد کیلئے استعمال کرنے کی معمانعت کا لزوم بھی شامل ہے کئی کمپنیوں نے معاہدوں کی خلاف ورزی کی ہے لہذا ان سے اراضیات حاصل کرنے میں کوئی قانونی پیچیدگیاں بھی نہیں ہے ۔ لہذا چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو تلنگانہ کے تمام 10 کلکٹرس سے اس کی تفصیلات حاصل کریں اور معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں سے اراضیات واپس طلب کرتے ہوئے غریب عوام کیلئے مکانات تعمیر کئے جائیں۔