نئی دہلی 31 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ناقص معاشی کارکردگی کی عکاسی میں ملک کی معاشی ترقی کی شرح گھٹ کر 7 فیصد ہوگئی ہے ۔ یہ شرح جاریہ معاشی سال کے پہلے سہ ماہی کی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ انفرا اسٹرکچر پیداوار کی شرح بھی گھٹ کر 1.1 فیصد ہوگئی ہے ۔ اس صورتحال میں ریزرو بینک کی جانب سے شرح سود میں کمی کرنے اور اہم پالیسی اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے ۔ 7.5 فیصد کی شرح سے ترقی میں ہندوستان نے چین کو پیچھے چھوڑ دیا تھا تاہم اب یہ شرح گھٹ کر 7 فیصد رہ گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ فولاد کی پیداوار اور کوئلہ کی پیداوار میں کمی کی وجہ سے بحیثیت مجموعی معاشی ترقی کی رفتار متاثر ہوئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ چھ انفرا اسٹرکچر صنعتوں کی پیداوار میں کمی کے نتیجہ میں بھی معاشی ترقی کی رفتار متاثر ہوئی ہے ۔ یہ اہم کمپنیاں ہیں جو ملک کی جملہ پیداوار کا 38 فیصد حصہ پیدا کرتی ہیں۔ ان اعداد و شمار کے بعد دوسرے سہ ماہی میں بھی معاشی ترقی کی رفتار میں کسی بہتری یا اضافہ کی امید پیدا نہیں ہوسکی ہے ۔