چندرا بابو نائیڈو کے فضائی سفر پر 15 کروڑ روپئے خرچ
حیدرآباد /17 فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو کے فضائی سفر کے اخراجات 15 کروڑ روپئے بتائے گئے ہیں، جب کہ معاشی بحران کا شکار آندھرا پردیش کے اخراجات میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے۔ واضح رہے کہ تقسیم ریاست کے موقع پر آندھرا پردیش کو 17 ہزار کروڑ روپئے خسارہ بجٹ اور تلنگانہ کو تقریباً 8 ہزار کروڑ روپئے کا فاضل بجٹ حاصل ہوا تھا۔ ہد ہد طوفان سے نقصان کا تخمینہ آندھرا پردیش حکومت نے 70 ہزار کروڑ روپئے تیار کیا ہے، جب کہ انتخابی منشور میں کئے گئے وعدہ کے مطابق حکومت کو کسانوں کے 75 ہزار کروڑ روپئے قرض معاف کرنا ہے۔ حکومت نے بنکرس کو صرف 5 ہزار کروڑ روپئے جاری کئے ہیں، جب کہ قرضہ جات پر حکومت 12 ہزار کروڑ روپئے سود ادا کر رہی ہے۔ ذرائع کے بموجب ہد ہد طوفان کی تباہی پر مرکزی حکومت نے ایک ہزار کروڑ روپئے کے پیکیج کا اعلان کیا تھا، تاہم اب تک صرف 400 کروڑ روپئے جاری کئے گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 43 فیصد اضافہ کے سبب آندھرا پردیش حکومت پر تقریباً ایک ہزار کروڑ کا اضافی بوجھ عائد ہو رہا ہے، جب کہ تقسیم ریاست کے بل میں آندھرا پردیش کو اسپیشل پیکیج اور خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا وعدہ اب تک پورا نہیں کیا گیا، اس طرح آندھرا پردیش مالی بحران کا شکار ہے۔ چند دن قبل ریاستی وزیر فینانس آندھرا پردیش وائی رام کرشنوڈو نے سکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ ریاست کی مالی صورت حال ابتر ہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے حکومت کو قرض لینا پڑ رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ این چندرا بابو نائیڈو کے فضائی سفر پر 15 کروڑ روپئے خرچ ہوئے ہیں، جب کہ انھوں نے اپنے سفر کے لئے کبھی خصوصی طیارہ اور کبھی ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا ہے، اس طرح چیف منسٹر بننے کے بعد انھوں نے 67 مرتبہ فضائی سفر کیا۔ عہدہ داروں نے بتایا کہ 15 کروڑ کے مصارف کا بل تیار کرکے محکمہ فینانس کو روانہ کردیا گیا ہے، جس کی اجرائی سے اس نے اتفاق کیا ہے۔