معاشرے کے سلگتے مسائل پر ناول نگاری کی ضرورت

سیف الرحمن کی انگریزی ناول کی رسم اجراء ، جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کا خطاب
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے نئی نسل میں کتابوں کے مطالعہ کو عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ وہ میڈیا پلس آڈیٹوریم میں نوجوان ناول نگار سیف الرحمن کی انگریزی ناول Nucle Saga II کی رسم رونمائی کی تقریب سے مخاطب تھے ۔ جناب اے کے خاں نے کتاب کی رسم اجراء انجام دی ۔ اس موقع پر جناب حیدر علی ، حبیب الرحمن پرویز بھی موجود تھے ۔ جب کہ شرکاء محفل میں آرکیٹکٹ عبدالرحمن سلیم کے بشمول کئی سرکردہ شخصیات موجود تھیں ۔ جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ موجودہ دور انٹرنیٹ کا دور ہے ۔ نئی نسل اپنی ضرورت کی ہر شئے انٹرنیٹ پر تلاش کرلیتی ہے ۔ الیکٹرانک کتابوں کا چلن عام ہوگیا ہے ۔ جس کی وجہ سے عام کتابوں میں دلچسپی کم ہوگئی ہے ۔ اس کے علاوہ کاغذ کی قیمت بھی آسمان کو چھونے لگی ہے ۔ جس کی وجہ سے کتابوں کی چھپائی مہنگی ہوگئی ہے ۔ انہوں نے سیف الرحمن کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے انگریزی میں ناول لکھی ، انہوں نے مشورہ دیا کہ سلگتے معاشرے کے مسائل پر بھی ناولیں لکھیں ۔ جناب اے کے خاں نے سیف الرحمن کو زخیز ذہن کا حامل قلم کار قرار دیا اور بتایا کہ ان کے فرزند مزمل خاں کی طرح سیف الرحمن بھی بچپن سے لکھنے کے عادی ہیں جو ان کی ذہانت اور ذہن کی زرخیزی کا ثبوت ہے ۔ مزمل خاں آج آئی اے ایس ہے ۔ انہیں امید ہے کہ سیف الرحمن بھی اپنے آپ کو ہر شعبہ حیات میں منوائیں گے ۔ جناب سیف الرحمن نے اپنی پہلی اور دوسری ناول کے پلاٹس ، ٹکنک ، پس منظر پر روشنی ڈالی ۔ جناب عبدالصمد نے نظامت کے فرائض انجام دئیے اور شکریہ عائشہ تنویر نے ادا کیا ۔۔