اخلاق و کردار اور دیانت داری کے ذریعہ ابنائے وطن کے دل جیتنے کا مشورہ
اسلامک بینکنگ فاسٹ ٹریک کورس کا جلسہ تقسیم اسناد، جناب عامر علی خاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم مئی (سیاست نیوز) عصر حاضر میں اسلام کے بارے میں منفی خیالات لوگوں میں عام کئے جارہے ہیں اور مسلمانوں کے نام سے ایک خوف و دہشت کا ماحول تیار کیا جارہا ہے جس کا اہم سبب مسلمانوں کی اسلامی تعلیمات سے دوری اور دنیا میں اسلام کا حقیقی پیغام پہنچانے میں کوتاہی اور لاپرواہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست نے روزنامہ سیاست اور انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک بینکنگ اینڈ انشورنس کی جانب سے چلائے گئے فاسٹ ٹریک اسلامک بینکنگ کورس کی تقسیم اسناد و انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جناب عامر علی خاں نے سود کو معاشرہ کے لئے لعنت قرار دیتے ہوئے اس پر روک لگانے کیلئے زور دیا اور طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ قرآنی آیات اور احادیث شریفہ کی روشنی میں لوگوں تک اس بات کو پہنچائے اور مسلمانوں کو سود کے دلدل سے باہر نکالے۔ آج ہمارے معاشرہ میں زکوٰۃ کی تقسیم ایک اہم مسئلہ بن چکی ہے۔ زکوٰۃ کی صحیح تقسیم نہ ہونے کے سبب مسلمانوں میں غریبی اور مفلسی بڑھ رہی ہے۔ ہمیں چاہئے کہ زکوٰۃ کا مال اس انداز میں تقسیم کیا جائے کہ زکوٰۃ لینے والا مسلمان آئندہ سال تک خود صاحب استطاعت بن جائے اور دوسروں کی مدد کرسکے۔ جناب عامر علی خاں نے ممبئی کی ایک میمن برادری کی مثال دیتے ہوئے حاضرین کو بتایا کہ میمن برادری کے ذمہ داروں نے زکوٰۃ کی 30 کروڑ رقم جمع کی اور اس مال سے برادری کے غریب و بے گھروں کیلئے ایک گھر تعمیر کروانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ اگر ہم بھی ایسا کچھ کریں تو یقینا غریب مسلمانوں کے لئے بہت کچھ کرسکتے ہیں۔ آج کچھ مسلمانوں کا یہ خیال ہے کہ انشورنس حرام ہے اور لڑکیوں کی تعلیم اور ان کی ملازمت درست نہیں۔ اگر لڑکیوں کی تعلیم کی بات کی جائے تو ہمیں پتہ چلتا ہے کہ اُم المؤمنین حضرت عائشہؓ نے خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم سے تعلیم حاصل کی اور اُمت مسلمہ تک بے شمار احادیث پہنچانے کا اہم ذریعہ بنیں۔ جبکہ حضرت بی بی خدیجہؓ ایک کامیاب تاجر تھیں۔ اس سے ہمیں یہ پتہ چلتا ہے کہ مسلم خواتین حجاب کا اہتمام کرتے ہوئے نہ صرف تعلیمی شعبہ بلکہ تجارتی مراکز میں کارہائے نمایاں انجام دے سکتی ہیں۔ جناب عامر علی خاں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ بہترین اخلاق کا مظاہرہ ابنائے وطن کے سامنے پیش کریں۔ اسلام میں کردار کی بہت اہمیت ہے۔ انھوں نے ایک حدیث شریف کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا کہ ’’تم میں سے بہترین شخص وہ ہے جس کے اخلاق بہتر ہوں‘‘ اگر مسلمان تجارت اور دیگر معاملات سچائی، دیانت داری اور بہترین اخلاق کا مظاہرہ کریں تو یقینا دنیا ان کی مٹھی میں ہوگی۔ نیوز ایڈیٹر سیاست نے مزید بتایا کہ سب سے اہم فریضہ نماز کی ادائیگی ہے۔ نماز میں برکت ہی برکت اور رحمت ہی رحمت ہے۔ مسلمان رات جلد سونے اور صبح جلد اُٹھنے کے ساتھ ساتھ ڈسپلن کے پابند ہوجائیں تو اللہ رب العزت ان کے لئے روزگار اور بہترین وسائل پیدا کریں گے۔ جناب عامر علی خاں نے سود کی لعنت کے خاتمہ کے لئے مختلف مسلم تنظیموں کی جانب سے چلائی جارہی خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے جماعت اسلامی بڑی ہی کامیابی کے ساتھ خدمت بینک چلارہی ہے۔ ملت کے نوجوانوں کو چاہئے کہ سود کے خاتمہ کے لئے ایسی تنظیموں کے ساتھ جُڑ کر کام کریں اور ایک حدیث کا مفہوم بتاتے ہوئے جناب نیوز ایڈیٹر نے کہاکہ ’’قرض دینے میں جلدی کرو اور اسے واپس لینے میں دیری کرو‘‘۔ اگر ہم ان باتوں پر عمل کریں تو یقینا کامیابی و کامرانی ہمارے قدم چوم سکتی ہے اور ہماری دنیا و آخرت سدھر سکتی ہے۔ اس تقریب میں جناب ایم ایس شریف ڈائرکٹر آئی آئی بی ایف آئی، جناب محمد عاصم فاروق، جناب محمد اعظم ، طلبہ اور ان کے سرپرست موجود تھے۔ اس موقع پر کامیاب طلبہ میں جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے ہاتھوں اسناد و انعامات تقسیم کئے گئے۔