نئی دہلی ۔7ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام)سماج میں عدم مساوات کی مذمت کرتے ہوئے آر ایس ایس نے تحفظات کی پُرزور حمایت کی اور کہا کہ امتیازی سلوک کا شکار افرادکے ساتھ مساوات کا معاملہ اختیار کیا جانا چاہیئے ۔ آر ایس ایس نے پوٹا مسئلہ پر سیاست کرنے کے خلاف انتباہ دیا۔ آر ایس ایس سربراہ موہن بھگوت نے یہاں ایک کتاب کی رسم اجراء کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’’ ہم تحفظات کی اُس وقت تک تائید کریں گے تاوقتیکہ سماج میں عدم مساوات کا خاتمہ ہوجائے ‘‘ اس لئے تحفظات ضروری ہے ۔ جو لوگ برسوں سے امتیازات کا شکار ہیں انہیں مساوی حقوق ملنا چاہیئے لیکن اس پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہزار سال سے جن لوگوں نے ملک کے فائدہ کیلئے کام کیا وہ ہی ناانصافی کا شکار ہیں۔ آر ایس ایس سربراہ نے مزید کہا کہ ترقی کے ثمرات صرف مخصوص لوگوں تک نہیں پہنچنے چاہیئے بلکہ ہر طبقہ کو ثمرات سے استفادہ کا موقع ملنا چاہیئے ۔ ایک دوسرے کے تعاون کے ذریعہ ہی ہر کوئی مساوی حقوق حاصل کرسکتا ہے ۔ جن لوگوں کو مراعات حاصل ہیں وہ کسی کے سامنے جھکیں گے نہیں اورجولوگ سطح غربت سے نیچے زندگی گذار رہے ہیںکبھی اوپر نہیں آئیں گے ۔