تلنگانہ جرنلسٹ فورم گریٹر حیدرآباد کا اجلاس ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ، کودنڈا رام ودیگر کا خطاب و اتحاد کا مظاہرہ
حیدرآباد۔18اگست(سیاست نیوز) حکومت اور عوام کے درمیان میں بہترین رابطے کی کڑی ذرائع ابلاغ ہے ۔ مظلوم کو انصاف اور ظالم کو اس کے انجام تک پہنچانے میںبھی ذرائع ابلاغ کا اہم رول ہے۔بالخصوص تلنگانہ تحریک کے حقائق کو منظر عام پر لانے میںبھی تلنگانہ کے صحافیوں نے اہم رول اداکیا۔ تلنگانہ کے شعبہ صحافت کیساتھ مکمل انصاف اور شعبہ کی ترقی کے لئے تلنگانہ حکومت اپنے عہد کی پابند ہے۔ تلنگانہ ورکنگ جرنلسٹ فورم گریٹر حیدرآباد کے اجلاس سے خطاب کے دوران نائب وزیراعلیٰ تلنگانہ ریاست جناب محمد محمود علی نے یہ تاثرات پیش کئے۔انہو ںنے کہاکہ تلنگانہ کی صحافی برداری کو درکار سہولتوں کے متعلق متعدد نمائندگیاں حکومت سے کی گئی ہیںجن پر غور کرنے کے بعد بہت جلد حکومت فیصلے لے گی۔ انہوں نے صحافی کو مفت بس اور ریلوے پاس کی فراہمی‘ ان کے بچوں کو مفت تعلیم ‘ افراد خاندان کو مفت طبی سہولتوں کی فراہمی کے متعلق کی گئی نمائندگیوں پر چیف منسٹر سے مشاورت کا یقین دلایا اور کہاکہ تلنگانہ کے صحافیوں کو حکومت کی جانب سے گھر بھی فراہم کئے جائیں گے انہوں نے تلنگانہ میںجرنلسٹ کالونی کی تعمیر کا بھی اس موقع پر وعدہ کیا۔نائب وزیراعلی جناب محمد محمود علی نے کہاکہ تلنگانہ تحریک میںاپنے قلم کے ذریعہ کلیدی رول اداکرنے والے صحافیوں کے خدمات کو تلنگانہ حکومت کبھی فراموش نہیںکرے گی۔انہوں نے کہاکہ مرکزاور تلنگانہ مخالفین کی جانب سے شہر حیدرآباد کو نشانہ بناکر تلنگانہ حکومت پر تحدیدات عائد کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیںجس کو ہرصورت میںناکام بنایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ ریاست میں حکومت بھی تلنگانہ عوام کی ہے یہاں پر پسماندہ طبقات کے ساتھ انصاف کو یقینی بنانے کیلئے ہمارے وزیر اعلی مسٹر کے چندرشیکھر رائو شب روزحکام سے مشاورت میںمصروف ہیں ان حالات میںتلنگانہ حکومت کے خلاف سازشیں تلنگانہ حکومت کو ہی نہیں بلکہ تلنگانہ کی عوام کیلئے بھی ناقابلِ برداشت ہے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کو اپنی حدیں پارکرنے سے گریز کامشورہ دیا اور کہاکہ جھوٹ اور غلط پروپگنڈوں پر مبنی نیوز کی اشاعت ونشریات حکومت کے لئے نہیںبلکہ تلنگانہ مخالفین کے لئے خود نقصاند ہ ثابت ہونگی ۔ریاستی وزیرداخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی کے علاوہ چیرمین تلنگانہ پریس اکیڈیمی مسٹر الم نارائنہ‘ تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی چیرمین پروفیسر کودنڈارام‘ رکن اسمبلی محبو ب نگر وی سرینواس گوڑ نے بھی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ کی صحافی برادری کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی اور حکومت کے نمائندوں نے مذکورہ مسائل کے حل کیلئے متعلق وزیر اعلیٰ سے نمائندگی کا تیقن بھی دیا۔سینکڑوں کی تعداد میںتلنگانہ صحافی برداری نے جلسہ عام میںشرکت کی جلسہ کے آغاز سے قبل تلنگانہ صحافی شعیب اللہ خان مرحوم کو تمام تلنگانہ حامی قائدین ‘ جرنلسٹ اور جہدکاروں نے گلہائے عقیدت پیش کیا۔