مظلوم شوہروں کو بی جے پی ارکان پارلیمنٹ کی تائید

بیویوں کے ظلم کے شکار مردوں کیلئے قومی کمیشن کے قیام
دفعہ 498A میں ترمیم پر زور
نئی دہلی۔ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے 2 ارکان پارلیمنٹ نے قانون کے بیجا استعمال کے سبب بیویوں کے مظالم کے شکار شوہروں کی شکایات کا جائزہ لینے کیلئے ایک کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔ قومی کمیشن برائے خواتین کی صدرنشین ریکھا شرما نے کہا کہ ہر کسی کو اپنے مطالبات پیش کرنے کا حق ہے لیکن مَیں نہیں سمجھتی کہ مردوں کیلئے کسی کمیشن کے قیام کی کوئی ضرورت ہوسکتی ہے لیکن اُترپردیش سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کے 2 ارکان پارلیمنٹ ہری نارائن راج بھر اور انشول ورما نے کہا ہے کہ بیوی کے مظالم کے شکار شوہروں کیلئے ’’پرسن آیوگ‘‘ کے قیام پر حصول تائید میں 23 ستمبر کو منعقد شدنی پروگرام سے وہ خطاب کریں گے۔ ان دونوں ارکان نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بھی وہ اس مسئلہ کو اُٹھا چکے ہیں۔ راج بھر نے کاہ کہ ’’بعض مرد بھی اپنی بیویوں کے ہاتھوں ظلم کا شکار ہوتے ہیں۔ عدالتوں میں ایسے کئی واقعات زیرتصفیہ ہیں۔راج بھر نے مزید کہا کہ ’’میں یہ نہیں کہہ رہا ہوں کہ یہ عدالت غلط ہے یا ہر مرد غلط ہے لیکن دونوں صنفوں میں ایسے بھی لوگ موجود ہیں جو دوسروں کو اپنے ظلم و ستم کا نشانہ بنانے ہیں چنانچہ مرد حضرات کے مسائل سے نمٹنے کیلئے بھی ایک ادارہ کی ضرورت ہے۔ یہ مسئلہ میں پارلیمنٹ میں بھی اُٹھا چکا ہوں‘‘۔ راج بھر نے مزید کہا کہ مردو ںکیلئے قومی کمیشن کے قیام کا مطالبہ ہی اس ضمن میں کیا جانے والا صحیح کام ہوگا۔