نئی دہلی۔ 25 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایڈیٹرس گلڈ آف انڈیا نے مظفر پور شلٹر میں کمسن لڑکیوں کی مبینہ عصمت ریزی کے کیس کی تحقیقات کی رپورٹنگ سے میڈیا کو روک دینے سے متعلق پٹنہ ہائیکورٹ کے حکم کی آج مذمت کی اور اس ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے علاوہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے بھی اس فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی۔ ایڈیٹرس گلڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ عوامی اہمیت کے حامل اُمور کی رپورٹنگ پر اس قسم کی پابندیاں فائدہ کے بجائے نقصان رساں ثابت ہوسکتی ہیں کیونکہ میڈیا پر اس قسم کے امتناعی احکام عائد کرنے عدالتوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کا اظہار ہوتا ہے، جس سے جمہوریت کے ایک اہم ستون کی کارکردگی پامال ہورہی ہے۔ ذرائع ابلاغ کی تنظیم نے کہا کہ ’’گلڈ کو یہ جان کر سخت تکلیف ہوئی ہے کہ عدالت نے میڈیا کی آزادی کے تحفظ کے بجائے اس کو موثر انداز میں کچلنے کیلئے ایک حکم جاری کیا ہے۔