پٹنہ ۔ /5 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بہار میں مظفر پور میں سرکاری فنڈ سے چلائے جانے والے شیلٹر میں کمسن لڑکیوں پر جنسی زیادتی کے واقعہ کے ضمن میں ریاستی محکمہ سماجی بھلائی کے 14 عہدیداروں کو معطل کردیا گیا ۔ ان پر غفلت و لاپرواہی کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔ اس ضمن میں ایک اعلامیہ کل رات جاری کیا گیا ۔ فوری اثر کے ساتھ معطل کردیا گیا ۔ جنہیں مظفر پور ، سنگیر ، ارڑیہہ ، مدھوبن ، بھاگلپور اور بھوج پور ضلعوں میں بچوں کے حفاظت یونٹوں میں اسسٹنٹ ڈائرکٹرس کی حیثیت سے تعینات کیا گیا تھا ۔ حکام نے کہا کہ ان تمام عہدیداروں پر فرائض کی انجام دہی میں غفلت و لاپرواہی کا الزام عائد کیا گیا ہے اور فوری اثر کے ساتھ معطل کردیا گیا ہے ۔ کمسن لڑکیوں پر جنسی حملے کے واقعہ اور دیگر ناپسندیدہ سرگرمیوں کے ضمن میں خاطر خواہ قانونی کارروائی کرنے میں ناکام ہوگئے تھے ۔ محکمہ سماجی بھلائی کی طرف سے جون میں ایک ایف آئی آر درج کیا گیا تھا جس کے بعد 10 افراد کی گرفتاری عمل میں آئی تھی ۔ طبی رپور ٹس سے ان 30سے زائد لڑکیوں کے جنسی استحصال کی توثیق ہوگئی ہے جو پہلے اس شیلٹر میں مقیم تھیں ۔ اس واقعہ کی تحقیقات سی بی آئی کے سپرد کردی گئی ہیں اور شیلٹر مہر بند کردیا گیا ہے ۔