مظفر نگر کے متاثرین کیلئے روز نامہ ’سیاست‘ کی امدادی سرگرمیاں

حیدرآباد۔/11جنوری، ( سیاست نیوز) اُتر پردیش کے فساد سے متاثرہ علاقہ مظفر نگر کے متاثرین کی امداد کے ساتھ ساتھ تعلیم کی فراہمی کیلئے روز نامہ ’سیاست‘ نے جو مساعی کی ہے اس کے مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ مظفر نگر کے جوگیا کھیڑا اور دیگر علاقوں میں روز نامہ ’سیاست‘ کی جانب سے متاثرین میں کپڑے، کمبل اور دیگر اشیاء تقسیم کی گئیں۔ اس کے علاوہ متاثرین کے بچوں کو بنیادی طور پر انگریزی تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے ایجوکیشن سنٹر قائم کیا گیا۔ اس سنٹر میں تقریباً 200سے زاید کمسن بچے انگریزی کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ ایجوکیشن سنٹر میں 4اساتذہ اور ایک انچارج کو مقرر کیا گیا ہے جو بچوں کی تعلیم کی نگرانی کررہے ہیں۔ ان غریب بچوں کو نوٹ بکس اور دیگر تعلیمی میٹریل روز نامہ ’سیاست‘ نے اپنے خرچ سے فراہم کیا ہے۔ مظفر نگر کے متاثرین کی امداد کے سلسلہ میں قارئین ’سیاست‘ کے تعاون سے جمع کردہ امدادی اشیاء کے ساتھ دو رکنی ٹیم کو مظفر نگر روانہ کیا گیا جن میں مسرس ایم این بیگ زاہد اور اظہر سمیع الدین شامل ہیں۔ مقامی سماجی کارکنوں کے تعاون سے سیاست کی ایک ٹیم امدادی اور تعلیمی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ مقامی طور پر بااثر شخصیت اقبال خاں سیاست کے امدادی کاموںکی انجام دہی میں تعاون کررہے ہیں۔ جوگیا کھیڑا علاقہ میں قائم کردہ ایجوکیشن سنٹر کی مقامی افراد نے ستائش کی کیونکہ کمسن بچے اس سنٹر میں بنیادی انگریزی کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ اس سنٹر میں متاثرین کے علاوہ مقامی دیہات سے تعلق رکھنے والے بچے بھی شریک ہیں۔ ’سیاست‘ کی جانب سے بہت جلد کمپیوٹر سنٹر کے قیام کی تیاریاں کی جارہی ہیں اور کمپیوٹر ٹریننگ کے سلسلہ میں طلبہ کے رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے۔

اب تک 100سے زاید طلبہ نے کمپیوٹر ٹریننگ کے حصول کیلئے اپنے نام درج کرائے۔ ’سیاست‘ کی ٹیم نے اطراف کے مواضعات کے 160خاندانوں میں کپڑے اور سردی سے بچاؤ کیلئے کمبل اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کی۔ اس کے علاوہ ایک اور موضع میں 30خاندانوں میں امداد تقسیم کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ مظفر نگر کے متاثرہ 400سے زاید خاندان ابھی تک اپنے آبائی موضع واپس نہیں ہوئے کیونکہ وہ عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ وہ دیگر قریبی علاقوں میں کرایہ کے مکانات میں مقیم ہیں اور انہیں شکایت ہے کہ حکومت نے ان کی امداد اور بازآبادکاری کو فراموش کردیا۔ مظفر نگر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق حکومت نے جبری طور پر ریلیف کیمپ کو ختم کردیا تاکہ متاثرین اپنے آبائی مقامات واپس ہوسکیں لیکن ابھی تک امن و ضبط کی صورتحال اطمینان بخش نہ ہونے کے سبب متاثرہ خاندان اپنے مواضعات واپس ہونے سے گریز کررہے ہیں۔ روز نامہ ’سیاست‘ نے ملت فنڈ کے ذریعہ متاثرین کی بازآبادکاری کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ وہ محفوظ مقامات پر خوشحال زندگی بسر کرسکیں۔