کمسن بچوں کیلئے سیاست ایجوکیشن سنٹر کا گائوں پردھان کے ہاتھوں افتتاح، کمپیوٹر سنٹر کا عنقریب آغاز
مظفر نگر ۔ 8 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) اب جبکہ حکومت یو پی نے مظفر نگر کے فساد متاثرین کے تمام ریلیف کیمپس برخاست کردیئے ہیں جس کی ملک گیر پیمانے پر مذمت کی گئی کیونکہ ایسا کرنا واقعتاً حکومت یو پی کیلئے ایک شرمناک بات ہے ۔ دوسری طرف ایسی تنظیمیں اور افراد جو ریلیف کیمپس پہنچ کر بہ نفس نفیس امداد تقسیم کرنے کے خواہاں تھے انہیں بھی متاثرین کو ڈھونڈنا مشکل ہورہا ہے ۔ روزنامہ ’’ سیاست ‘‘ کی ایک ٹیم اس وقت جوگیا کھیڑا میں ہے جہاں وہاں کے پردھان اقبال خان اور زلفوں خاں کے ہاتھوں 7 جنوری کو سیاست ایجوکیشن سنٹر کا افتتاح عمل میں آیا جس کیلئے 200 لڑکے لڑکیوں نے رجسٹریشن کروائے ہیں اور کلاسس کا آغاز 8 جنوری سے ہورہا ہے ۔
اس سنٹر میں داخلہ لینے والوں کو مفت کاپی ، پنسل اور دیگر اسٹیشنری تقسیم کی گئی ۔ سیاست کی جانب سے موضع سوگانا 160 خاندانوں میں گرم کپڑوں کی تقسیم عمل میں آئی جبکہ ٹیراکلی نامی ایک اور موضع میں بھی متاثرہ افراد کو گرم کپڑے تقسیم کئے گئے ۔ آج کلی بھابری اور حسین پور نامی مواضعات میں بھی 300 بلانکٹس ( جملہ 600 ) تقسیم کئے گئے ۔ سیاست ٹیم سے رابطہ کرنے پر پتہ چلا کہ فی الحال دیگر علاقوں کا سروے بھی جاری ہے اور اس کے بعد مزید گرم کپڑے اور اشیائے خوردنی کی تقسیم بھی عمل میں آئے گی ۔ علاوہ ازیں ان مقامات پر کمپیوٹر سنٹر بھی دو تین روز میں کام کرنا شروع کردے گا جس کیلئے 100 طلباء و طالبات نے اپنے نام رجسٹر کروائے ہیں۔