فساد متاثرین کے لیے سیاست کے کام کی ستائش ، جاپانی اخبار کے بیورو چیف کا ملت پبلک اسکول کا دورہ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : مظفر نگر ( یو پی ) میں ہلاکت خیز فرقہ وارانہ فسادات ہوئے تقریبا آٹھ ماہ کا عرصہ ہورہا ہے ۔ ان فسادات میں 60 سے زیادہ لوگ ہلاک اور 50 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے ہیں ۔ فساد متاثرین کو راحت اور مدد فراہم کرنے کے سلسلہ میں ادارہ سیاست کی کاوشوں کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔ تعلیمی اور کمپیوٹر سنٹرس کے علاوہ سیاست کی جانب سے متاثرین کے ایک گروپ کی خواہش پر جو موم بتی سازی کے بزنس میں دلچسپی رکھتے تھے ، بڑی مقدار میں اعلیٰ کوالٹی کینڈل ڈائز ، موم اور دیگر ضروری ایکوپمنٹس سربراہ کئے گئے ۔ سیاست کے اس اقدام پر نوجوانوں نے اپنی کافی دلچسپی اور اعتماد کا مظاہرہ کیا ۔ ایک جاپانی اخبار کے بیورو ان چیف مسٹر یاکوٹا تاکاشی نے اے این ایچ اے ڈی کے مسٹر محمد عامر کے ہمراہ سیاست کے ملت پبلک اسکول کا دورہ کیا ۔ مسٹر تاکاشی نے فساد متاثرہ مظفر نگر میں سیاست کے کاموں کی ستائش کی ۔۔