مظفر نگر فساد: 248 افراد کے خلاف فرد جرم

مظفر نگر ۔ یکم مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) مظفر نگر فساد مقدمات کی تحقیقات کرنے والی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے اب تک 48 مختلف مقدمات میں 248 افراد کے خلاف فرد جرم پیش کی ہے ۔ ایس آئی ٹی کے ذرائع نے بتایا کہ اب تک فساد سے متعلق مختلف مقدمات میں 248 افراد کے خلاف چارچ شیٹ پیش کی گئی ہے ۔ ایس آئی ٹی کا ادعا ہے کہ جملہ 1195 افراد فساد میں ملوث پائے گئے ہیں اور ان کی فہرست متعلقہ پولیس اسٹیشنوں کو روانہ کی گئی ہے تاکہ انہیں گرفتار کیا جاسکے ۔ ایس آئی ٹی کے اڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس منوج جھا نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک مختلف مقدمات کے سلسلہ میں 417 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ عدالت نے 410 افراد کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا ہے جو مفرور بتائے گئے ہیں ۔