نئی دہلی 10 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) قومی اقلیتی کمیشن نے مظفر نگر میں ریلیف کیمپس سے فساد متاثرین کے زبردستی تخلیہ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ قومی اقلیتی کمیشن فی الحال اپنے رکن کی رپورٹ کا جائزہ لے رہا ہے جنہوں نے متاثرین سے اور مقامی انتظامیہ سے ملاقات کی تھی ۔ کمیشن اس رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد مستقبل کے لائحہ عمل کا تعین کریگا ۔ کمیشن کے صدر نشین وجاہت حبیب اللہ نے بتایا کہ ہم اس اقدام سے مطمئن نہیںہیں۔ ہم رپورٹس کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائیگا۔ ذرائع نے کہا کہ کمیشن کو یہ شکایات ملی ہیں کہ فساد متاثرین کو ریلیف کیمپس سے زبردستی نکال باہر کیا جا رہا ہے اور یہ کام سرکاری عہدیدار کر رہے ہیں۔ قومی اقلیتی کمیشن کو اس سلسلہ میں اتر پردیش حکومت کا جواب بھی مل گیا ہے جس نے زبردستی متاثرین کا تخلیہ کروانے کی تردید کی ہے تاہم کمیشن کے خیال میں حکومت کا یہ جواب غیر اطمینان بخش ہے ۔ کمیشن کی رکن فریدہ عبداللہ نے کیمپس کا دورہ کیا تھا ۔