مظفر نگر 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے مظفر نگر فسادات کے 15 ملزمین میں سے 9 پر ضلع شاملی کے دیہات میں 3 نوجوانوں کے قتل کے الزام میں فرد جرم داخل کردیا۔ استغاثہ کے بموجب 15 افراد کے خلاف پولیس نے اِس واقعہ کے سلسلہ میں مقدمہ درج کرکے 9 ملزمین کو گرفتار کرلیا تھا جبکہ باقی ملزم فرار ہیں۔ تاحال 240 افراد گرفتار، 46 خودسپرد ہوچکے ہیں اور 11 افراد مردہ دستیاب ہوئے۔ ایس آئی ٹی نے 30 مقدموں کی تحقیقات مکمل کرلی ہیں۔ پولیس نے 6423 افراد کے خلاف 534 مقدمے درج کئے ہیں۔ تازہ ترین اطلاع کے بموجب ضلع شاملی کے پڑوسی دیہات ملک پور راحت رسانی کیمپ میں آج ایک 4 سالہ لڑکی نمونیا سے جانبر نہ ہوسکی۔ متوفی سہانہ ملک پور راحت رسانی کیمپ میں مقیم تھی جہاں شدید سردی کی بناء پر نمونیا میں مبتلا ہوگئی تھی اور کل فوت ہوگئی۔
مہاراشٹرا ریاستی کمیشن برائے خواتین کاعصمت ریزی کیلئے
لڑکیوں پر الزام اور بعدازاں معذرت خواہی
ناگپور 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا خواتین کمیشن کے ایک رکن نے جس کا تعلق این سی پی سے ہے، خواتین کے لباس اور اُن کے رویہ کو بھی عصمت ریزی کے واقعات کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ایک ہنگامہ کھڑا کردیا۔ ڈاکٹر آشا مرگے ماہر امراض نسوان اکولہ نے کہا تھا کہ لڑکیوں کو بھی اپنے طور طریقوں کا خیال رکھنا چاہئے تاکہ عصمت ریزی کرنے والوں کی توجہ اُن پر مرکوز نہ ہوسکے۔ اُنھیں اپنے لباس کے بارے میں بھی محتاط رہنا چاہئے۔ اُنھوں نے لڑکیوں کو اپنے لباس اور اپنے بالوں کے انداز کے بارے میں خود احتسابی کا مشورہ دیا تھا لیکن بعدازاں معذرت خواہی کرلی۔