مظفر نگر فسادات کے 4 ملزمین گرفتار

مظفر نگر ۔ 16 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ضلع مظفر نگر کے موضع کوٹھا میں گذشتہ سال پیش آئے فرقہ وارانہ فسادات کے سلسلہ میں 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔ پولیس انسپکٹر آر کے سنگھ نے بتایا کہ گرفتار شدگان کی بحیثیت منوج ، راہول ، نریندر اور بیئجندر شناخت کرلی گئی بعد ازاں انہیں چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ نے عدالتی تحویل میں دیدیا ۔ قبل ازیں کوٹھا گاؤں میں 13 دسمبر کو 6 افراد اور 8 دسمبر کو ایک ملزم دھیرج کمار کو فسادات کے سلسلہ میں گرفتار کرلیا گیا ۔ گذشتہ سال کے فسادات کے دوران کوٹھا گاؤں میں 8 افراد بشمول ایک خاتون ہلاک اور دیگر 20 زخمی ہوگئے تھے ۔۔

کمسن طالبہ کی عصمت ریزی اور قتل
ویلورو( تاملناڈو )۔/16ڈسمبر، (سیاست ڈاٹ کام ) ایک 11سالہ لڑکی کی نعش مشتبہ حالت میں یہاں دستیاب ہوئی ہے۔ شبہ ہے کہ عصمت ریزی کے بعد اس کا قتل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ 11سالہ لڑکی کلیان پریان کپم کے سرکاری اقامتی اسکول میں چھٹی جماعت کی طالبہ تھی وہ کل اسکول جانے کے بعد گھر واپس نہیں آئی۔ رشتہ داروں کی تلاشی کے دوران آج ایک ویران مقام پر اس کی نعش پائی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ نعش پر چاقو کے نشانات تھے جس کے باعث اسے قتل کئے جانے کا شبہ ہے۔ پولیس کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے۔