مظفر نگر 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) مظفر نگر میں گزشتہ سال پھوٹ پڑے فرقہ وارانہ فسادات کے دوران ایک قتل میں ملوث شخص کی درخواست ضمانت کو مقامی عدالت نے مسترد کردیا۔ ڈسٹرکٹ و سیشنس جج وجئے لکشمی نے ملزم گوتم کی درخواست ضمانت کو مسترد کردیا۔ استغاثہ کے مطابق فسادات کے دوران موضع بہاؤڈی میں جو پھگنا پولیس اسٹیشن کے تحت ہے، پانچ افراد نے امن سنگھ نامی ایک نوجوان وک گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔ یہ واقعہ 26 اکٹوبر 2013 ء کو رونما ہوا تھا جس کے بعد مہلوک کے والد نے گوتم، سوربھ، سریش، اوم سنگھ اور رنویر کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی تھی۔ خصوصی انوسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) نے اس معاملہ کی تحقیقات کرتے ہوئے تمام پانچوں ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ مظفر نگر میں پھوٹ پڑے فسادات میں زائداز 60 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
6 جولائی سے معمول کی بارش متوقع
محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی
نئی دہلی ۔ 27 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام)جنوب مغربی مانسون امکان ہے کہ ملک کے کئی حصوں میں پھر سے سرگرم ہوجائے گا اور 6 جولائی سے معمول سے کہیں بڑھ کر بارش ہونے کی توقع ہے ، محکمہ موسمیات نے آج یہ بات کہی ۔ آئی ایم ڈی نے کہا کہ مانسون کا احیاء مشرق ، پڑوسی وسطی اور شمالی جزیرہ نما ہند کے کئی حصوں میں 6 جولائی کے بعد سے متوقع ہے جبکہ معمول سے بڑھ کر بارش ہوسکتی ہے ۔ اوسط سے زیادہ بارش شمال مشرقی ریاستوں بالخصوص مغربی بنگال اور سکم میں کئی روز ہوسکتی ہے ۔