مظفرنگر ۔23فبروری( سیاست ڈاٹ کام )ضلع حکام نے مظفر نگر فسادات کے مفرور ملزمین کی تلاش کیلئے پولیس کی 84ٹیمیں تشکیل دی ہیں ۔ان ٹیموں کو 244 مفرور ملزمین کی گرفتاری کیلئے مامور کیا جارہا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ گذشتہ سال فرقہ وارانہ فسادات کے الزامات کا سامنا کرنے والے ملزمین ہنوز گرفتاری سے بچ رہے ہیں ۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ایچ این سنگھ نے کہا کہ 84پولیس ٹیموں میں سے ہر ایک ٹیم کی قیادت ایک گزیٹیڈ آفیسر کرے گا ۔یہ ٹیمیں خصوصی تحقیقات ٹیم کی جانب سے شناخت کردہ 244 مفرور ملزمین کو گرفتار کرنے کی کوشش کرے گی ۔220ملزمین کو قتل ‘ لوٹ مار اور آتشزنی کے الزامات کا سامنا ہے ۔ ان میں سے 24عصمت ریزی کے 6کیسوں میں قصوروار پایا گیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ انہیں مقامی افراد سے مزاحمت کا سامنا ہے۔مقامی افراد ملزمین کی گرفتاری کو روکنے کیلئے کوشش کررہے ہیں ۔گذشتہ سال ستمبر میں فسادات کے دوران کتبا موضع پر ہجوموں کے حملے میں ایک خاتون کے بشمول 8 افراد ہلاک اور 24زخمی ہوئے تھے ۔