متاثرہ علاقوں کاجیہ پردا کے ساتھ دورہ
لکھنؤ۔/28جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) لوک منچ کے روح رواں ٹھاکر امر سنگھ اور رام پور کی رکن پارلیمنٹ جیہ پردا نے آج زبردست ٹھنڈک کے باوجود مظفر نگر فسادات کے تباہ حال پناہ گزینوں کا دورہ کرکے وہاں کے رہنے والوں سے احوال پوچھا اور متاثرہ خاندانوں کو اپنی جانب سے راحت رسانی کی۔امر سنگھ جن کی آج سالگرہ تھی انہوں نے اپنی سالگرہ کومظفر نگر کے فساد سے متاثرہ افرادکے ساتھ منایا۔ ان دونوں لیڈروں نے مظفر اور شاملی کے پناہ گزیں کیمپوں کا دورہ کیا اور مظفر نگر فساد سے متاثرہ افراد سے ملاقات کی اور ان کی داستان الم سنی جسے سن کر یہ دونوں لیڈر کافی متاثر ہوئے ۔
بعد ازاں انہوں نے اس کیلئے اکھلیش یادو حکومت کو مورد الزام ٹھہرایا اور کہا کہ حکومت فرقہ وارانہ فسادات کو روکنے میں یکسر ناکام رہی۔ مظفر نگر فسادات سے متاثرہ علاقوں کا دورہ سماج وادی پارٹی سے نکالی گئیں رکن پارلیمنٹ جیہ پردا جو رام پور سے سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئی تھیں انہوں نے آج ان علاقوں کا دورہ تو کرلیا لیکن رام پور کے رکن اسمبلی اور اکھیلیش یادو کی وزارتی کونسل کے سینئر وزیر محمد اعظم خاں ابھی تک ان علاقوں کا دورہ کرنے کیلئے وقت نہیں نکال سکے۔
کارگل اور آدم پور سرد ترین مقامات میں تبدیل
سرینگر۔/28جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام )جموں و کشمیر کے مستقر کارگل میں گذشتہ شب سردیوں کے موسم کی سرد ترین شب ثابت ہوئی جہاں درجہ حرارت 20 ڈگری سیلسیس منفی ریکارڈ کیا جبکہ وادی کے دیگر علاقوں میں بھی رات کے درجہ حرارت میں زبردست کمی ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ لداخ کے اس خطہ میں درجہ حرارت 18.6 ڈگری تا 20ڈگری سیلسیس منفی ریکارڈ کیا گیا جس نے عوام پر کپکپی طاری کردی۔ علاوہ ازیں سرینگر، قاضی گنڈ، کوکرناگ، پہلگام اور اسکینگ کیلئے مشہور گلمرگ میں بھی درجہ حرارت انتہائی کم رہا لیکن یہ منفی کے درجہ کو نہیں پہنچا۔ گلمرگ میں اسکینگ کے شوقین سیاح آج باہر نہیں نکلے۔ کچھ روز پہلے یہاں پیش آئے ایک حادثہ میں جہاں ایک بیرونی سیاح ہلاک ہوگیا تھا، سیاح اب مزید کوئی خطرہ مول لینا نہیں چاہتے