مظفر نگر ۔ /25 جنو ری (سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے کہا کہ گزشتہ سال ستمبر کے مظفر نگر فسادات میں بے گھر ایک خاندان سے تعلق رکھنے والی چار ماہ کی لڑکی پڑوسی ضلع شاملی کے کندلہ ٹاؤن میں شدید سردی کے سبب فوت ہوگئی ۔ اس شیر خوار کی ماں احسان نے کہا کہ مظفر نگر فسادات کے دوران اپنے آبائی گاؤں بہاؤدی سے بے گھر ہوگئی تھی اور گزشتہ ماہ تک بھی ریلیف کیمپ میں پناہ گزیں تھی۔ لیکن بعد میں اس نے اپنے خاندان کے ساتھ ریلیف کیمپ کا تخلیہ کردیا تھا اور کندلہ کے ایکچھوٹے گھر میں سکونت پذیر تھی ۔ جہاں ان کی بیٹی سردی کے سبب فوت ہوگئی ۔ کندلہ گورنمنٹ ہیلت سنٹر کے سپرنٹنڈنٹ رمیش چندرا نے کہا کہ شیرخوار لڑکی کی موت کے اسباب کا پتہ چلانے کیلئے تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے ۔ اترپردیش کے فساد زدہ اضلاع مظفر نگر اور شاملی میں /7 ستمبر سے /20 ڈسمبر تک سردی کی شدت کے سبب کم سے کم 34 کمسن بچے فوت ہوگئے۔