مظفر نگر فسادات : ایس آئی ٹی کو 45 دن مہلت

مظفر نگر ۔ 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مظفر نگر فسادات کی تحقیقات کرنے والی ایس آئی ٹی کو انسپکٹر جنرل میرٹھ زون نے ہدایت دی ہے کہ تحقیقات اندرون 45 دن مکمل کرلی جائیں۔ آئی جی پی الوک شرما نے کہا کہ ملزموں کے خلاف جنہوں نے عدالت میں خودسپردگی نہیں کی ہے، قانون تعزیرات ہند دفعہ 172 کے تحت کی جائے۔ ایس آئی ٹی عہدیداروں کے کل شام منعقدہ اجلاس میں آئی جی پی نے فسادات کے ملزمین کی گرفتاری میں تاخیر پر فکرمندی ظاہر کی۔ ایڈیشنل ایس پی، ایس آئی ٹی منوج جھا نے کہا کہ صرف 131 مقدمات میں تحقیقات زیرالتواء ہیں۔ 1500 ملزمین فسادات میں ملوث تھے، جبکہ 800 سے زیادہ گرفتار کئے جاچکے ہیں اور باقی مفرور ہیں۔ 58 پولیس انسپکٹرس اور سب انسپکٹرس اور دو ایڈیشنل ایس پیز فسادات کی تحقیقات کیلئے تعینات کئے گئے ہیں۔ مختلف مقدمات میں جو فسادات سے متعلق تھے ، 3,094 افراد کو بے قصور قرار دیا گیا ہے۔