مظفر نگر فسادات:وزیر کے خلاف شکایت پر 13 اکتوبر کو سماعت

مظفر نگر ۔ 22 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک مقامی عدالت نے 61 افراد کے خلاف احکام امتناع کی خلاف ورزی کے معاملہ کی آئندہ سماعت کیلئے 13 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے ۔ 61 افراد میں مرکزی وزیر مملکت برائے زرعی امور سنجیو بلیان بھی شامل ہیں جو گزشتہ سال مظفر نگر میں پھوٹ پڑنے والے فسادات سے متعلق ہے۔ ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ سیتارام نے شکایت کنندہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اندرمنی ترپاٹھی کو 13 اکتوبر کو ا پنا بیان ریکارڈ کرنے سمن جاری کیا ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ ضلع حکام نے مظفر نگر فسادات کے دوران مسٹر بلیان اور دیگر 60 افراد کے خلاف احکام امتناعی کی خلاف ورزی پر ایک معاملہ درج کروایا تھا ۔ ملزمین میں بی جے پی کے دو ایم پیز بھرتینڈو سنگھ اورحکم سنگھ ، بی جے پی ا یم ایل اے سنگیت سوم و سریش رانا ، کھپ لیڈر نریش ٹکیت اور سابق بلاک پرمکھ ویریندر سنگھ شامل ہیں۔ ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے فسادات کے دوران کشیدہ ماحول کے باوجود احکام امتناعی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 31 اگست اور 7 ستمبر 2013 ء کو کمیونٹی پنچایتوں میں اشتعال انگیز تقریریں کی تھیں۔