مظفرپور شلٹراسکام : بہارکی وزیرسماجی بھلائی مستعفی

پٹنہ ۔ 8 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مظفرپور میں سرکاری فنڈس سے چلائے جانے والے لڑکیوں کے آسرا گھر میں پیش آئے سیکس اسکینڈل پر مختلف گوشوں سے تنقیدوں کی شکار بہار کی وزیرسماجی بھلائی منجو ورما نے چیف منسٹر نتیش کمار کو آج اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔ چیف منسٹر کے دفتر کے ذرائع نے کہا کہ منجو ورما نے نتیش کمار سے ملاقات کی اور انہیں اپنا مکتوب استعفیٰ پیش کردیا۔ اس محکمہ سے وابستہ ایک گرفتار شدہ ملزم کی بیوی نے کہا تھا کہ منجو ورما کے شوہر اکثر مظفرشلٹر ہوم آیا جایا کرتے تھے جہاں حالیہ عرصہ کے دوران 34 لڑکیوں کی مبینہ طور پر عصمت ریزی کی گئی تھی۔ اس انکشاف کے بعد منجورما کے خلاف اپوزیشن کی تنقیدوں میں مزید شدت پیدا ہوگئی تھی۔ ان کے استعفیٰ کی ایک اہم وجہ یہ بھی ہیکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق موبائیل فون کی تفصیلات کی جانچ پر انکشاف ہوا کہ اصل ملزم برجیش ٹھاکر نے اس سال جنوری اور جون کے دوران منجورما کے شوہر سے 17 مرتبہ فون پر بات کیا تھا۔ برجیش ٹھاکر نے جو عدالت میں حاضری کے موقع پر قیدیوں کی گاڑی میں تھا، میڈیا نمائندوں سے کہا تھا کہ وزیرسماجی بھلائی کے شوہر چندیشور ورما نے وہ فون پر بات کیا کرتا تھا لیکن یہ صرف سیاسی مسائل کے بارے میں تھی۔ منجو ورما نے اپنے شوہر کی بھرپور تائید کی اور واضح کیا کہ ان کی موجودگی میں وہ ایک دو مرتبہ شلٹر ہوم گئے تھے۔