مظفرنگر فساد متاثرین سے گھر واپس جانے کی اپیل

مظفرنگر ۔22ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) راہول گاندھی نے آج ضلع مظفر نگر کے فسادات سے متاثرہ علاقوں کا غیر معلنہ دورہ کیا ۔ انہوں نے حکومت اترپردیش پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریلیف کیمپس کے حالات انتہائی ابتر ہیں ۔ کانگریس نائب صدر نے متاثرہ ہندو اور مسلم دونوں فرقوں سے ملاقات کی جسے صلح کی کوشش سمجھا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے جب بھی عوام سے بات کی بھائی چارگی پر زور دیا ہے ۔ اس دورہ کے موقع پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیاگیا ۔ سمجھا جاتاہے کہ مسلم فرقے سے تعلق رکھنے والوں نے یہ مظاہرہ کیا جن میں سماج وادی پارٹی کے کارکن بھی شامل ہیں ۔ راہول گاندھی کے قافلے کو سیاح جھنڈیاں دکھائی گئی اور راہول گاندھی ڈاؤن ڈاؤن کے نعرے لگاتے ہوئے تقریباً 200احتجاجیوں نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا ۔ بعض نے راہول گاندھی کے اس سے پہلے کئے گئے دورہ کے موقع پر پاکستان کی آئی ایس آئی کے بارے میں تبصرے پر اعتراض کیا ۔ راہول گاندھی نے جب اس احتجاج کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ عوام نہیں بلکہ سماج وادی پارٹی کے ورکرس ہیں جو برہم ہیں ۔ مظفر نگر میں اگست ۔ستمبر کے دوران فرقہ وارانہ فسادات پھوٹ پڑنے کے بعد جس میں 62 افراد ہلاک ہوگئے‘ راہول گاندھی کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ راہول گاندھی نے مظفر نگر فساد متاثرین سے ‘ جو ریلیف کیمپس میں مقیم ہیں ‘ کہا ہے کہ وہ اپنے اپنے مکانات کو واپس چلے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے فسادات کروائے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ متاثرین ہنوز کیمپس ہی میں رہیں کیونکہ یہ صورتحال انہیں فائدہ پہونچاتی ہے ۔ راہول گاندھی نے آج ریلیف کیمپس کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر سخت سکیوریٹی انتظامات کئے گئے تھے ۔ انہوں نے صبح مسلم اکثریتی علاقہ مالک پور سے اپنے دورہ کا آغاز کیا جہاں انہوں نے مسلمانوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ راہول نے متاثرین سے کہا کہ جن لوگوں نے فسادات کروائے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ متاثرین ریلیف کیمپس میں رہیں اور اپنے گھروںکو واپس نہ جائیں کیونکہ اس صورتحال سے ان کو ہی فائدہ پہونچتا ہے ۔ فساد کروانے والے چاہتے ہیں کہ متاثرین اپنے گاووں کو نہ جائیں۔ وہ جانتے ہیں کہ ایسا کرنا بہت مشکل ہے اور انہیں خوف و اندیشے بھی لاحق ہیں لیکن ہم کو اس کے آگے سوچنا چاہئے ۔ ریلیف کیمپس میں مقیم رہنا بہتر نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں قیام کرنے سے یہ پیام جاتا ہے کہ آپ ( متاثرین ) اپنے گاووں کو واپس جانا نہیں چاہتے ۔ جن لوگوں نے فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دی ہے وہ یہی کچھ چاہتے ہیں۔ تاہم متاثرین نے واضح طور پر یہ کہا کہ وہ اپنے گاووں کو واپس جانا نہیں چاہتے کیونکہ انہیں وہاں دوبارہ حملے کئے جانے کا اندیشہ ہے ۔ راہول گاندھی نے قریبی کھرگان کیمپ میں بھی متاثرین سے بات چیت کی جہاں کانگریس کی جانب سے میڈیکل کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔