مظفرنگر فسادات کے 18 مقدمات سے دستبرداری

مظفر نگر 27 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت اترپردیش نے مظفر نگر فسادات سے متعلق 18 مقدمات سے دستبرداری اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ضلع حکام سے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں عدالت سے رجوع ہوں۔ ذرائع نے آج یہ بات بتائی ۔ یو پی کے اسپیشل سکریٹری قانون مسٹر جے جے سنگھ نے مظفر نگر ضلع مجسٹریٹ راجیو شرما کو ہدایت دی ہے کہ وہ مقدمات سے دستبرداری اختیار کرلیں۔ کہا گیا ہے کہ لکھنو سے ملنے والی ہدایات کے پیش نظر ضلع انتظامیہ کی جانب سے مقدمات سے دستبرداری اختیار کرنے اجازت حاصل کرنے عدالتوں سے رجوع ہونے کا عمل شروع ہوگیا ہے ۔ یہ مقدمات فسادات سے متعلق ہیں ۔ ریاستی حکومت نے مظفر نگر میں 2013 میں ہوئے فرقہ وارانہ فسادات سے متعلق 125 مقدمات پر نظرثانی کرنے کے بعد یہ ہدایت دی ہے ۔ اڈیشنل ضلع مجسٹریٹ امیت کمار نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے جن 125 مقدمات کا جائزہ لینے تفصیلات طلب کی ہیں ان سب سے دستبرداری اختیار کئے جانے کا امکان ہے ۔ یہ مقدمات عدالتوں میں زیر دوران ہیں۔ بی جے پی کے کئی قائدین ان مقدمات میں ملزم ہیں۔ ان میںارکان پارلیمنٹ سنجیو بالیان اور بھرتیندرا سنگھ ‘ ارکان اسمبلی سنگیت سوم اور اومیش نائک بھی شامل ہیں۔ تاہم حکومت نے جن مقدمات سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے ان میں بی جے پی قائدین کے نام شامل نہیں ہیں۔