مظفر نگر ۔ 26 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام ) ایک مقامی عدالت نے ضلع مظفرنگر میں فسادات کے دوران قتل مقدمہ کے ملزم ایک شخص کی درخواست ضمانت مسترد کردی ۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنس جج ڈی کے گرگ نے کل ملزم دیپک کمار کی ضمانت پر رہائی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسی قسم کی درخواستیں دیگر معاون ملزموں کی قبل ازیں ہائیکورٹ میں مسترد کی جاچکی ہیں۔ دیپک کمار نے مبینہ طورپر بعض دیگر افراد کے ساتھ مہرالدین کو قتل اور دیہات لانک میں اُس کے مکان کو نذر آتش کردیا تھا جبکہ 8 سپٹمبر 2013 ء کو فرقہ وارانہ فسادات ہورہے تھے ۔ دیگر 9 افراد بھی جنھیں کل شام فسادات کے مقدمہ کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے عدالت میں پیش کئے گئے جہاں سے انھیں 14 دن کی عدالتی تحویل میں دیدیا گیا۔
تحفظات ’’موقع پرستانہ‘‘ : کاٹجو
نئی دہلی۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام)صدرنشین پریس کونسل آف انڈیا جسٹس (ریٹائرڈ) مارکنڈے کاٹجو نے مراٹھا اور مسلمانوں کو تحفظات فراہم کرنے حکومت ِ مہاراشٹرا کے فیصلے کو ’’سیاسی موقع پرستی‘‘ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ وہ حکومت کے اس فیصلے کی سخت مذمت کرتے ہیں جس نے سپریم کورٹ کی جانب سے 50 فیصد کی حد کو نظرانداز کردیا ہے۔