مظفرنگر فسادات کے متاثرین کو ’سیاست ‘ کی جانب سے امداد روانہ

حیدرآباد 29؍ ڈسمبر ( سیاست نیوز) روزنامہ سیاست نے مظفر نگر (اترپردیش) کے فساد متاثرین جو ریلیف کیمپوں میں بے سرو سامانی کے عالم میں اپنی زندگیاں گزار رہے ہیں ان معمر افراد ‘ خواتین و بچوں کو شدید سردی سے بچاؤ کے مقصد سے نئی بلانکٹس و دیگر گرم ملبوسات (سوئیٹرس وغیرہ) روانہ کرنے کا جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے بیٹرہ اٹھایا ہے ۔ اسی پروگرام کے ایک حصہ کے طور پر گذشتہ شب زائد از چھ ٹن وزنی نئی بلانکٹس و گرم ملبوسات وغیرہ سے لدی لاری کو جھنڈی بتا کر مظفرنگر (اترپردیش) کے لئے روانہ کیا گیا۔ جبکہ مظفر نگر فساد متاثرین کے لئے قائم کردہ ریلیف کیمپس جو صرف معمولی نوعیت کے ٹینٹس(شامیانوں و قناطوں) کی حصار بندی کے ذریعہ قائم کئے گئے ہیں لیکن شدید جاری سردی کی لہر کے باعث متاثرین کو مزید مشکلات و تکالیف سے دو چار ہونا پڑ رہا ہے ۔ اور ریلیف کیمپوں میں مقیم فساد متاثرین کو فی الوقت غذاء سے بڑھ کر گرم ملبوسات اور اوڑھنے کے لئے بلانکٹس وغیرہ کی شدید ضرورت پائی جا رہی ہے ۔ جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے روزنامہ سیاست نے اس ریلیف کیمپس کے مقامات سے موصولہ اطلاعات کی روشنی میں شدید سردی سے ٹھٹھر جانے سے پیش آنے والی اموات کا تدارک کرنے کیلئے فوری طور پر گرم ملبوسات بشمول بالخصوص نئی بلانکٹس روانہ کرنے کا فیصلہ کیا اور فوری طور پر معیاری کمپنیوں کی بلانکٹس کی خریدی کر کے زائد از چھ ٹن وزنی لدی ہوئی لاری کو ابتدائی اقدام کے طور پر روانہ کر دیا اور بہت جلد مزید لاریاں روانہ کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مظفر نگر (اترپردیش) میں گذشتہ عرصہ کے دوران پیش آئے فسادات میں نہ صرف مسلمانوں کا قتل کیا گیا ہے کہ بلکہ مکانات کو بھی جلا کر خاکستر کر دیا گیا جس کی وجہ سے ہزاروں بے گھر پریشان حال متاثرہ مسلمان بے سرو سامان کے عالم میں ریلیف کیمپس میں زندگی بسر کر رہے ہیں ۔ ان متاثرین کی وقتیہ طور پر ہر ممکنہ امداد کی فراہمی کے لئے روزنامہ سیاست کی جانب سے سیاست ملت ریلیف فنڈ سے دس لاکھ روپئے ندوۃ العلماء کو روانہ کئے جاچکے ہیں ۔ لہذا مظفر نگر فساد متاثرین کی مزید مدد و راحت کاری اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے سیاست ملت ریلیف فنڈ دفتر روزنامہ سیاست میں زیادہ سے زیادہ مالی تعاون کرنے کی پرزور خواہش کی گئی ہے ۔