مظفرنگر ۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ضلع حکام نے آج مظفرنگر فسادات کے ہزاروں متاثرین میں ’’وشواس کارڈس‘‘ تقسیم کئے جس میں انہیں ہدایت کی گئی ہیکہ وہ بلاخوف و خطر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں اور یہ تیقن بھی دیا کہ انتخابات انتہائی منصفانہ اور شفاف طور پر منعقد ہوں گے۔ ’’وشواس کارڈس‘‘ میں ضلع حکام کے موبائیل نمبرات بھی درج ہیں تاکہ ووٹرس کو ووٹنگ کے دوران کسی پارٹی یا امیدوار کے دباؤ کا سامنا ہو تو وہ فوری فون کرکے مطلع کرسکیں۔ ایس ایس پی ایچ این سنگھ نے میڈیا کوبتایا
کہ فون کرنے والے ووٹر کو فوری طور پر سیکوریٹی فراہم کی جائے گی۔ وشواس کارڈس کے علاوہ ’’چیتاونی کارڈس‘‘ بھی تقسیم کئے گئے ہیں تاکہ انتخابات سے قبل کسی ووٹر کے تشدد میں ملوث ہونے کو روکا جاسکے۔ ایس ایس پی نے ان اقدامات کو احتیاطی اقدامات سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلہ کی ووٹنگ کیلئے سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ یاد رہیکہ اس وقت مظفرنگر فسادات کے متاثرین کو سب سے زیادہ خوف اس بات کا ہیکہ انہیں اپنے حق رائے دہی کے استعمال کا موقع دیا جائے گا یا نہیں؟ ایسی صورتحال میں وشواس کارڈس کے ذریعہ متاثرہ عوام کا اعتماد بحال کرنا ایک اچھی کوشش کہی جاسکتی ہے اور یہی ڈرے سہمے افراد اپنے ووٹ کی طاقت سے لیڈروں کو خاک میں ملا سکتے ہیں۔