مظفرنگر فسادات : چار گرفتار، دو کی جائیدادیں قرق

مطفرنگر۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) مظفرنگر فسادات میں ملوث چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دیگر دو ملزمین جو مفرور ہیں، ان کی جائیدادوں کو قرق کرلیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ اوم پال، سچن، لالہ اور بالا جو گذشتہ سال فسادات کے دوران موضع بہاؤڈی میں تشدد برپا کرنے میں ملوث تھے، انہیں بہاؤڈی موضع میں ہی گرفتار کیا گیا جبکہ اسی موضع کے دو مفرور ملزمین کی جائیدادوں کو قرق کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ مقامی عدالت کی ہدایت پر ملزمین جسپال اور ستندر کی غیرمنقولہ جائیدادوں کو قرق کرلیا گیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ مظفرنگر کے بہاؤڈی، پھوگنا، کوتھا اور محمد پور میں پھوٹ پڑنے والے فسادات میں ملوث بیشتر ملزمین ہنوز فرار ہیں اور عدالت نے ان کی جائیدادوں کی قرقی کا حکم صادر کیا ہے۔ گذشتہ سال ستمبر میں پھوٹ پڑنے والے فسادات میں تقریباً 62 افراد ہلاک اور 93 زخمی ہوگئے تھے۔