مظفرنگر فسادات پر ڈاکومنٹری سنسر بورڈ سے جواب طلب

نئی دہلی ۔ 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ہائیکورٹ نے مظفرنگر فسادات پر ڈاکومنٹری کی برسرعام نمائش کیلئے درخواست پر سنسر بورڈ اور اپیلیٹ ٹریبول سے جواب طلب کیا ہے۔ آنجہانی شبھردیپ چکرورتی نے یہ ڈاکومنٹری ’’ان دنوں مظفرنگر‘‘ تیار کی ہے۔ ان کی اہلیہ نے عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے نمائش کی اجازت دینے کی خواہش کی۔ شبھردیپ چکرورتی کا جاریہ سال اگست میں موت واقع ہوگئی۔ عدالت نے ان کی اہلیہ میرا چودھری کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 ڈسمبر تک جواب دینے کی ہدایت دی۔ عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آزادی تقریر اور اظہارخیال کا معاملہ درپیش ہے اور اس سے باآسانی نمٹا جاسکتا ہے۔