مظفرنگر فسادات میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لئے متاثرین کا مطالبہ

مظفرنگر۔ 16؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ مظفرنگر فسادات کے متاثرین نے شاہ پور پولیس اسٹیشن کا گھیراؤ کیا اور ریاستی چیف منسٹر اکھیلیش یادو کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے کتبہ موضع میں فرقہ وارانہ فسادات کے سلسلہ میں ہوئی اموات اور فسادات میں ملوث افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ یہ ملزمین فرار ہیں۔ ان متاثرین نے کل مظاہرے بھی کئے اور یکم دسمبر سے بھوک ہڑتال کرنے کی بھی دھمکی دی۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبہ کو پورا نہیں کیا تو بھوک ہڑتال کو شدید بنایا جائے گا۔ فسادات کی روک تھام کے لئے بنائی گئی ایک ایکشن کمیٹی کے بیانر کے تحت احتجاج کرتے ہوئے بھارتیہ کسان مزدور منچ کے ارکان نے احتجاجی ریالی بھی نکالی۔ خاطیوں کی گرفتاری میں حکومت کی ناکامی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فسادات ہوئے ایک سال ہوگیا ہے، مگر اب تک ملزمین کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔