نئی دہلی ۔ 5 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکز نے آج کہا ہیکہ اترپردیش میں مظفرنگر میں فسادات کے متاثرین سے آئی ایس آئی کے روابط کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ اس سے پہلے راہول گاندھی نے یہ کہتے ہوئے ایک تنازعہ کھڑا کردیا تھا کہ پاکستانی آئی ایس آئی مظفرنگر میں فسادات متاثرین سے ربط رکھے ہوئے ہے۔
منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ آر پی این سنگھ نے راجیہ سبھا کو بتایا کہ سنٹرل انٹلیجنس ایجنسی کی اطلاعات کے مطابق انہیں اب تک ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ پاکستانی آئی ایس آئی نے اقلیتی فرقہ سے تعلق رکھنے والے متاثرہ خاندانوں کے نوجوانوں سے ربط قائم کیا ہو۔ کانگریس نائب صدر راہول گاندھی نے اکٹوبر 2013ء میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ آئی ایس آئی فسادات کے متاثرین سے ربط رکھے ہوئے ہے۔ دہلی پولیس نے جنوری میں یہ دعویٰ کیا کہ تھا کہ مشتبہ لشکرطیبہ کے دو ارکان نے مظفرنگر علاقہ میں دو افراد سے ملاقات کی۔ تاہم پولیس نے ان دو افراد کے مظفرنگر سے تعلق کی تردید کی۔ یہ بھی کہا تھا کہ ان دونوں کا فسادات کے متاثرین یا تشدد سے کوئی تعلق نہیں۔